ندا یاسر کے گھر چوری کا واقعہ، غیر ملکی ملازمہ سے قیمتی سامان برآمد — میزبان کا احتیاط کا مشورہ
کراچی: معروف ٹی وی میزبان اور اداکارہ ندا یاسر نے حال ہی میں ایک دلچسپ مگر ناخوشگوار واقعہ شیئر کیا ہے، جس میں ان کے گھر سے چوری کرنے والی غیر ملکی فلپائنی ملازمہ کا انکشاف ہوا۔
ندا کے مطابق، بیٹے کی پیدائش کے بعد انہوں نے ایک فلپائنی نرس کو بطور نینی رکھا، جو نہایت پیشہ ور اور قابلِ اعتماد نظر آتی تھی۔ غیر ملکی شہریت اور خوش اخلاقی کی وجہ سے ندا نے اس پر مکمل بھروسہ کیا۔ تاہم کچھ عرصے بعد گھر سے قیمتی اشیاء غائب ہونے لگیں، جس پر ابتدا میں کسی پر شک نہ کیا گیا۔
ندا نے بتایا کہ ایک روز خریداری کے دوران انہوں نے ملازمہ کو اپنا پرس تھمایا، جس میں موجود 300 یوروز غائب پائے گئے۔ اس کے بعد انہوں نے تحقیق کا فیصلہ کیا۔
ملازمہ نے اچانک چھٹی کی درخواست دی، جسے ندا نے قبول کیا اور خود بھی اس کے ہمراہ اس کے گھر گئیں۔ وہاں جا کر انہیں اپنے گھر کے قیمتی سامان سے بھرے تین بیگ ملے، جن میں برانڈڈ کپڑے، موبائل فون، نقدی اور دیگر اشیاء شامل تھیں۔
ندا یاسر نے بتایا کہ چونکہ چوری شدہ سامان واپس مل گیا اور ملازمہ کئی سال سے ان کے ہاں کام کر رہی تھی، اس لیے انہوں نے قانونی کارروائی سے گریز کیا۔ البتہ، انہوں نے واقعے کی تفصیلی شکایت اس ایجنسی کو ضرور ارسال کی، جس نے ملازمہ کو فراہم کیا تھا۔
ندا نے اس تجربے کو سبق آموز قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ خود بھی اس واقعے سے بہت کچھ سیکھ چکی ہیں اور دوسروں کو بھی مشورہ دیا کہ ملازمین کے انتخاب اور نگرانی میں غیر معمولی احتیاط برتی جائے۔






