خضدار اسکول بس حملہ: شوبز شخصیات کا شدید ردِ عمل، معصوم جانوں کے ضیاع پر افسوس اور انصاف کا مطالبہ
خضدار: بلوچستان کے علاقے خضدار میں معصوم بچوں کی اسکول بس پر دہشت گرد حملے نے پورے ملک کو سوگوار کر دیا ہے۔ دل دہلا دینے والے اس واقعے میں تین بچے شہید جبکہ کئی زخمی ہوئے۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق یہ حملہ بھارت سے تعلق رکھنے والے دہشت گردوں کی جانب سے کیا گیا، جس کی مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد کی جانب سے شدید مذمت کی جا رہی ہے۔
پاکستانی شوبز انڈسٹری سے وابستہ معروف فنکاروں نے اس انسانیت سوز واقعے پر گہرے دکھ اور غم کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ ملوث عناصر کو جلد انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے۔
اداکارہ درفشاں سلیم نے انسٹاگرام پر اپنے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے کہا:
"خضدار میں بچوں کی اسکول بس پر حملے نے مجھے ہلا کر رکھ دیا ہے۔ کیسے کوئی اتنا بےحس ہو سکتا ہے کہ معصوم بچوں کو نشانہ بنائے؟ ہر دن کی خبر پہلے سے زیادہ دلخراش ہوتی ہے۔ یہ معمول نہیں ہے، اور نہ ہی ہمیں اسے معمول بننے دینا چاہیے۔”
اداکار شہروز سبزواری نے اپنے پیغام میں کہا:
"بزدل دشمن نے معصوم بچوں کو نشانہ بنایا۔ اس ظلم پر ہر دل رنجیدہ ہے۔”
اداکارہ ماورا حسین نے بھی گہرے رنج کا اظہار کیا:
"بچوں پر حملہ انسانیت کے خلاف جرم ہے۔ دنیا کو کیا ہو گیا ہے؟ انسانیت کہاں چلی گئی؟”
دیگر فنکاروں جن میں سمیع خان، کرن حق، عاصم محمود، فضا خاور اور ایمن خان شامل ہیں، انہوں نے بھی اس وحشیانہ کارروائی کی شدید مذمت کی اور متاثرہ خاندانوں سے دلی ہمدردی کا اظہار کیا۔
فنکاروں کا کہنا ہے کہ پوری قوم اس دردناک واقعے پر سوگوار ہے اور متحد ہو کر مطالبہ کر رہی ہے کہ دہشت گردوں کو کیفرِ کردار تک پہنچایا جائے۔ ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ معصوم جانوں کو نشانہ بنانا نہ صرف بزدلانہ فعل ہے بلکہ پوری انسانیت کے خلاف جرم ہے، جس کی کوئی گنجائش نہیں ہونی چاہیے۔
یہ واقعہ ملک میں امن و امان کی فضا کو چیلنج کرنے کی کوشش ہے، جسے پاکستانی قوم نے ہمیشہ یکجہتی اور حوصلے سے شکست دی ہے۔






