سنجے دت کا بالی ووڈ کو اتحاد کا پیغام: ’’ہم ایک فیملی تھے، بس راستے سے بھٹک گئے ہیں‘‘
ممبئی: بالی ووڈ کے سینئر اداکار سنجے دت نے بھارتی فلم انڈسٹری میں بڑھتی ہوئی تقسیم پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے اتحاد، یکجہتی اور باہمی سپورٹ کا زور دار پیغام دیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ وقت آ گیا ہے کہ انڈسٹری ایک بار پھر ایک خاندان کی طرح متحد ہو کر کھڑی ہو۔
66 سالہ لیجنڈری اداکار نے حالیہ ایونٹ میں اپنے نئے گانے ’’آئے رے بابا‘‘ کی لانچ کے دوران اس جذباتی موضوع پر بات کی۔ سنجے دت نے کہا:
"ہم ایک فیملی تھے اور ہمیشہ رہیں گے، بس راستے سے تھوڑا بھٹک گئے ہیں۔”
انہوں نے واضح کیا کہ اگر ہر فلم کو مساوی پروموشن اور سپورٹ ملے، تو نہ صرف فلم سازوں کا حوصلہ بڑھے گا بلکہ ناظرین کو بھی معیاری اور متنوع تفریح میسر آئے گی۔
سنجے دت اس وقت اپنی نئی فلم ’’دی بھوتنی‘‘ کی تشہیر میں مصروف ہیں، جس میں وہ مونی رائے، پلک تیواڑی اور سنی سنگھ کے ساتھ جلوہ گر ہوں گے۔ یہ فلم یکم مئی کو سینما گھروں کی زینت بنے گی اور اسے ایکشن اور کامیڈی کا دلکش امتزاج قرار دیا جا رہا ہے۔
ان کے اس بیان کو سوشل میڈیا پر شائقین اور فلمی حلقوں نے خوب سراہا ہے۔ مداحوں کا کہنا ہے کہ سنجے دت جیسے سینئر اور باوقار اداکار کا دل سے نکلا یہ پیغام بالی ووڈ کے لیے ایک موقع ہے کہ وہ اختلافات بھلا کر نئے جوش اور خلوص کے ساتھ آگے بڑھے۔
انڈسٹری سے جڑے کئی نوجوان فنکاروں نے بھی سنجے دت کے پیغام کو "بیداری کی کال” قرار دیا ہے۔






