ورون دھون کا پاکستان مخالف بیان، سوشل میڈیا پر شدید تنقید
بھارتی فلم انڈسٹری کے معروف اداکار ورون دھون کو اپنے پاکستان مخالف اشتعال انگیز بیان کی وجہ سے شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ حال ہی میں ان کی آنے والی متنازع فلم بارڈر 2 کے گانے کی تقریبِ رونمائی کے دوران دیا گیا بیان سوشل میڈیا پر بحث کا موضوع بن گیا۔
ورون دھون نے تقریب کے دوران کہا کہ بارڈر 2 جیسی فلمیں بنانا اس لیے ضروری ہیں تاکہ نئی نسل کو یہ پیغام دیا جا سکے کہ بھارت اپنے ملک کا دفاع کرنے کی مکمل صلاحیت اور حوصلہ رکھتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ بھارت کی جانب سے پاکستان سے جنگ کے دوران 6 جنگی طیارے گنوانے اور بھاری نقصان کے باوجود، ان کی فلم کا ایک ڈائیلاگ ہے کہ "اس بار بارڈر میں گھسیں گے نہیں، بلکہ بارڈر ہی بدل دیں گے”۔
ورون دھون کے اس بیان کے بعد پاکستانی سوشل میڈیا پر شدید ردعمل دیکھنے کو ملا۔ پاکستانی صارفین نے اداکار کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا اور کئی نے حالیہ پاک بھارت کشیدگی کا حوالہ دیتے ہوئے طنزیہ تبصرے کیے۔ بعض صارفین نے کہا کہ بھارت صرف فلموں میں ہی "بدلہ” لیتا ہے اور حقیقت میں اس کی فوج کی کمزوری کو اجاگر کیا۔
ورون دھون کا یہ بیان خاص طور پر حساس علاقائی سیاست کے پس منظر میں سامنے آیا ہے، جس نے دونوں ممالک کے عوام کے درمیان مزید تناؤ پیدا کیا۔ اس موقع پر پاکستانی سوشل میڈیا پر بھارت کے لیے منفی جذبات کا اظہار کیا گیا، جس سے اداکار کی فلم کی تشہیر کو نقصان پہنچا۔
یہ واقعہ اس بات کا غماز ہے کہ بھارتی فلم انڈسٹری میں بعض اوقات سیاسی بیانات فلموں کے ذریعے پروپیگنڈا کا حصہ بن جاتے ہیں، جس سے ناصرف عوامی ردعمل پیدا ہوتا ہے بلکہ بین الاقوامی سطح پر بھی تنقید کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔






