مشہور ڈیجیٹل کریئیٹر راجہ مطلوب کا کار حادثے میں انتقال، دوست عدنان فیصل نے جذباتی یادیں شیئر کر دیں
ویب ڈیسک: پاکستان کے معروف ڈیجیٹل کانٹینٹ کریئیٹر راجہ مطلوب دسمبر میں ایک کار حادثے میں جاں بحق ہو گئے تھے۔ حادثہ اس وقت پیش آیا جب وہ اپنے قریبی دوست عدنان فیصل کی سالگرہ میں شرکت کے لیے اسلام آباد جا رہے تھے۔
عدنان فیصل نے حال ہی میں ایک ویڈیو میں راجہ مطلوب کے آخری لمحات اور حادثے کی تفصیلات بیان کیں۔ ان کا کہنا تھا کہ راجہ مطلوب ہر حال میں دوست کی سالگرہ پر پہنچنا چاہتے تھے، اس مقصد کے لیے انہوں نے پرائیویٹ جیٹ سے لاہور پہنچا اور موٹروے کے ذریعے تیز رفتاری سے اسلام آباد کی طرف روانہ ہوئے۔
فیصل نے بتایا کہ رات 10 بج کر 10 منٹ پر راجہ نے فون کیا اور کہا کہ وہ اسلام آباد پہنچ چکے ہیں، اور اسی کال کے دوران زوردار ٹکر کی آواز سنائی دی۔ حادثے کی اطلاع ملنے پر عدنان فیصل جائے وقوعہ پر پہنچے اور اپنے دوست کو خون میں لت پت پایا۔ وہ اس لمحے آبدیدہ ہو گئے اور بتایا کہ راجہ مطلوب موقع پر ہی جاں بحق ہو چکے تھے۔
عدنان فیصل نے کہا:
"کچھ لوگ اس دنیا سے چلے جاتے ہیں، مگر ان کا غم کبھی نہیں جاتا۔ راجہ چلا گیا ہے اور مجھے اس غم کے ساتھ ہی جینا ہوگا۔”
راجہ مطلوب اسلام آباد سے اپنی ویڈیو رپورٹس کی وجہ سے ایک الگ پہچان رکھتے تھے اور ان کا انتقال ڈیجیٹل میڈیا اور دوستوں کے حلقوں میں گہرے صدمے کا باعث بنا ہے۔






