ایلون مسک کی اسپیس ایکس کو 7500 مزید اسٹار لنک سیٹلائٹس لانچ کرنے کی اجازت
واشنگٹن: ایلون مسک کی خلائی کمپنی اسپیس ایکس کو اپنا انٹرنیٹ نیٹ ورک بڑھانے کے لیے خلا میں مزید 7500 اسٹار لنک سیٹلائٹس لانچ کرنے کی اجازت مل گئی ہے۔
امریکا کے وفاقی مواصلاتی کمیشن (FCC) نے اس کے ساتھ کمپنی کے جنریشن 2 سیٹلائٹس میں اپ گریڈز کی منظوری بھی دی ہے، جس کے بعد اسپیس ایکس دنیا کے مزید حصوں میں اپنی براڈبینڈ اور موبائل سروسز فراہم کر سکے گی۔
FCC کے بیان میں کہا گیا کہ اس منظوری کے تحت اسپیس ایکس 7500 مزید جنریشن 2 اسٹار لنک سیٹلائٹس تیار، لانچ اور آپریٹ کر سکتی ہے۔ اس توسیع سے کمپنی کو عالمی سطح پر ہائی اسپیڈ انٹرنیٹ سروسز فراہم کرنے میں مدد ملے گی۔
واضح رہے کہ زمین کے نچلے مدار میں موجود فعال سیٹلائٹس میں دو تہائی ایلون مسک کی اسٹار لنک کے ہیں اور موجودہ نیٹ ورک میں 9000 سے زائد اسٹار لنک سیٹلائٹس شامل ہیں۔
یہ اقدام اسپیس ایکس کے عالمی انٹرنیٹ نیٹ ورک کی توسیع اور خلائی مواصلاتی ٹیکنالوجی میں اہم پیش رفت کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔






