اسلام آباد میں جدید ڈیجیٹل گندھارا گیلری عوام کے لیے کھل گئی
پاکستان کو دنیا کی قدیم ترین تہذیبوں کی سرزمین ہونے کا اعزاز حاصل ہے، جہاں گندھارا، موہنجو داڑو، ہڑپہ، کوٹ ڈیجی جیسی قدیم تہذیبوں کے آثار موجود ہیں۔ حکومت پاکستان ملک کی قدیم تہذیبی شناخت کو آئندہ نسلوں کے لیے محفوظ بنانے کے لیے کوشاں ہے، اور ان کوششوں کا اعتراف اب بیرونی ذرائع ابلاغ نے بھی کیا ہے۔
عرب نیوز کے مطابق اسلام آباد میوزیم میں قائم جدید ڈیجیٹل گندھارا گیلری میں تاریخ زندہ ہو اُٹھتی ہے، جہاں شیشے کے پیچھے حقائق کو حقیقت کے قریب انداز میں پیش کیا گیا ہے۔
گیلری میں گندھارا کی تاریخ کو مصنوعی ذہانت، تھری ڈی ٹیکنالوجی اور ورچوئل ماحول کے ذریعے دکھایا جاتا ہے۔ یہ منصوبہ کوریا ہیریٹیج ایجنسی، محکمہ آثارِ قدیمہ پاکستان اور نیشنل ہیریٹیج اینڈ کلچر ڈویژن کے اشتراک سے تیار کیا گیا ہے۔
گیلری کے وزٹ کرنے والے یہاں قدم رکھتے ہی خود کو ورچوئل گندھارا دور میں محسوس کرتے ہیں، جس سے تاریخ کو سمجھنے کا تجربہ نہایت حقیقت پسندانہ بنتا ہے۔
یہ گیلری نہ صرف ملکی و غیرملکی سیاحوں بلکہ طالبعلموں اور محققین کی طرف سے بھی سراہا جا رہا ہے، اور یہ گندھارا تہذیب کی تعلیم و تحقیق میں مدد کے ساتھ پاکستان کی عالمی سطح پر شناخت کو بھی فروغ دے گی۔





