5جی ابتدائی طور پر پاکستان کے کن مقامات پر دستیاب ہوگا؟ اہم خبر آ گئی
پاکستان میں طویل انتظار کے بعد بالآخر فائیو جی (5جی) سروس کے آغاز کے امکان دوبارہ زندہ ہو گئے ہیں۔ ذرائع کے مطابق پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے 5جی اسپیکٹرم آکشن کی بنیادی تیاریاں مکمل کر لی ہیں اور یہ آکشن 26 فروری کو متوقع ہے۔
پی ٹی اے حکام کے مطابق یہ آکشن ملک کی تاریخ کا سب سے بڑا ٹیلی کام نیلامی عمل ہوگا، جس میں تقریباً 600 میگا ہرٹز اسپیکٹرم نیلامی کے لیے پیش کیا جائے گا۔ حکومت کو اس سے کم از کم 630 ملین ڈالر بغیر ٹیکس آمدن کی توقع ہے۔
لائسنس اور رول آؤٹ
کامیاب ٹیلی کام آپریٹرز کو 15 سالہ ٹیکنالوجی نیوٹرل لائسنس دیا جائے گا، اور 5جی سروس مرحلہ وار متعارف کرائی جائے گی۔ ابتدائی مرحلے میں کم از کم 50 ایم بی پی ایس ڈاؤن لوڈ اسپیڈ کی شرط عائد کی گئی ہے۔
پی ٹی اے کے مطابق 5جی کے ساتھ ساتھ 4جی نیٹ ورک کی کوالٹی میں بھی نمایاں بہتری لازمی ہوگی، اور آپریٹرز کو 4جی نیٹ ورک کی رفتار اور معیار میں کم از کم 4 سے 5 گنا اضافہ کرنا ہوگا۔
ابتدائی رول آؤٹ
5جی سروس ابتدا میں بڑے شہروں اور منتخب کمرشل علاقوں میں متعارف کرائی جائے گی:
اسلام آباد: بلیو ایریا اور ایف-10
کراچی: ڈیفنس اور کلفٹن
لاہور: اہم تجارتی علاقے
دیگر صوبائی دارالحکومتوں کے منتخب کمرشل علاقے بھی شامل ہوں گے۔
دیگر تفصیلات
پہلے سال کے دوران آپریٹرز کو پابند کیا جائے گا کہ وہ اپنی موجودہ نیٹ ورک سائٹس کے کم از کم 10 فیصد پر 5جی سروس فراہم کریں۔
جہاں 5جی دستیاب ہوگی، وہاں انٹرنیٹ اسپیڈ موجودہ نیٹ ورک سے 14 سے 15 گنا زیادہ ہوگی، اور دیگر علاقوں میں صارفین کو بہتر 4جی سروس فراہم کی جائے گی۔
5جی نیٹ ورک بیک ورڈ کمپٹیبل ہوگا، یعنی 5جی موبائل فون نہ رکھنے والے صارفین بھی 5جی علاقوں میں بلا تعطل 4جی سروس استعمال کر سکیں گے۔
اسٹار لنک کے حوالے سے معاملہ تاحال پاکستان اسپیس ایکٹیویٹیز ریگولیٹری بورڈ کے پاس زیر غور ہے، اور قانونی تقاضے پورے ہونے پر لائسنس جاری کیا جائے گا۔






