بنگلادیش: گلوکار تحسن خان اور اہلیہ روزا احمد علیحدہ ہوگئے
بنگلادیش کے معروف گلوکار اور اداکار تحسن خان اور ان کی اہلیہ، میک اپ آرٹسٹ روزا احمد کے درمیان علیحدگی ہوگئی ہے۔
بنگلادیشی میڈیا کے مطابق دونوں کی شادی گزشتہ چند ماہ سے بحران کا شکار تھی اور کافی عرصے سے وہ علیحدہ رہ رہے تھے۔ اگرچہ اس دوران دونوں نے اس حوالے سے خاموشی اختیار رکھی، تاہم اب تحسن خان نے خود تصدیق کردی ہے۔
تحسن خان کا کہنا ہے کہ وہ اور روزا احمد جولائی کے اختتام سے الگ رہ رہے ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ ذاتی زندگی پر بات کرنے سے گریز تھا، لیکن شادی کی سالگرہ کے حوالے سے سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی غلط خبروں کے باعث وضاحت دینا ضروری ہوگیا۔
خیال رہے کہ تحسن خان نے 4 جنوری 2025 کو بغیر کسی پیشگی اعلان کے روزا احمد سے شادی کی تھی۔ شادی کے وقت بتایا گیا تھا کہ دونوں صرف چار ماہ سے ایک دوسرے کو جانتے تھے۔ روزا احمد نیویارک میں ایک تجربہ کار میک اپ آرٹسٹ کے طور پر اپنا اسٹوڈیو بھی چلاتی ہیں۔
تاہم علیحدگی کی وجوہات ابھی تک سامنے نہیں آئیں، اور تحسن خان کا کہنا ہے کہ وہ مناسب وقت پر مزید تفصیلات شیئر کریں گے۔






