انٹرٹینمنٹ

صحافی نعیم حنیف نے اداکارہ صبا قمر سے عوامی طور پر معافی مانگ لی

صحافی نعیم حنیف نے اداکارہ صبا قمر کے خلاف مبینہ طور پر دیے گئے بدنام کن بیانات پر عوامی طور پر معافی مانگ لی ہے۔

یہ پیش رفت اس وقت سامنے آئی جب صبا قمر کی جانب سے صحافی کو 10 کروڑ روپے ہرجانے کا قانونی نوٹس بھیجا گیا تھا، جس میں ان کے خلاف توہین آمیز، ہتک آمیز اور کردار کشی پر مبنی الزامات عائد کیے گئے تھے۔

تفصیلات کے مطابق یہ معافی منگل کے روز بشرٰی خان کی میزبانی میں نشر ہونے والے ایک پوڈکاسٹ کے دوران سامنے آئی، جو یوٹیوب پر شائع کیا گیا۔ پوڈکاسٹ میں نعیم حنیف کو صبا قمر سے متعلق وضاحت پیش کرنے کا موقع دیا گیا۔

نعیم حنیف نے اعتراف کیا کہ 3 نومبر کو ان کے چینل پر صبا قمر سے متعلق ایک ویڈیو اپ لوڈ کی گئی تھی، جس میں انہوں نے غلط طور پر دعویٰ کیا کہ اداکارہ لاہور میں کسی کے ساتھ لیو اِن ریلیشن شپ میں رہ رہی ہیں۔

بعد ازاں جب خبر کی تصدیق کی گئی تو انہیں معلوم ہوا کہ یہ دعویٰ بے بنیاد اور حقائق کے منافی تھا۔ نعیم حنیف نے تسلیم کیا کہ اس بیان سے اداکارہ کے جذبات کو ٹھیس پہنچی اور ان کی ساکھ متاثر ہوئی، جس پر وہ دل سے معذرت خواہ ہیں۔

اداکارہ صبا قمر نے اس کے بعد صحافی کو قانونی نوٹس بھیجا اور اس کے اسکرین شاٹس اپنی انسٹاگرام اسٹوریز پر شیئر کیے۔ صبا قمر نے کہا کہ انہوں نے ایسے صحافی کے خلاف قانونی کارروائی کی ہے جس نے ان کے بارے میں جھوٹے اور بے بنیاد الزامات پھیلائے۔

مزید دکھائیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button