قیدی نمبر 804 گانا گانے والے قوال فراز امجد کا ویڈیو مؤقف سامنے آ گیا
لاہور کے تاریخی شالامار باغ میں منعقدہ قوالی نائٹ کے دوران متنازع گانے "قیدی نمبر 804” پر تنازعہ پیدا ہونے کے بعد معروف قوال فراز امجد نے اپنا مؤقف واضح کر دیا ہے۔
فراز امجد نے کہا کہ وہ منتظمین کی فراہم کردہ فہرست کے مطابق ہی قوالی پیش کر رہے تھے اور محفل کے دوران کسی بھی قسم کے دباؤ کے بغیر اپنی پرفارمنس کر رہے تھے۔
انہوں نے بتایا کہ ایک نامعلوم شخص اچانک سٹیج پر آ گیا، جس نے بدتمیزی کی اور ان پر من پسند گانا گانے کے لیے دھمکیاں دیں، یہاں تک کہ نتائج کی وارننگ بھی دی گئی۔ ابتدائی طور پر اس دباؤ کو نظرانداز کیا گیا، تاہم تمام صورتحال کی ویڈیو شواہد موجود ہیں۔
فراز امجد نے کہا کہ محفل کا ماحول خراب ہونے سے بچانے کے لیے مجبوراً وہ گانا پیش کیا، جس پر بعد ازاں ان پر بے بنیاد الزامات لگائے گئے۔
انہوں نے ملک مخالف یا بغاوت کے الزامات کو سختی سے مسترد کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ان کا وطن ہے اور وہ اس کے خلاف جا ہی نہیں سکتے۔
فراز امجد نے وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز سے انصاف کی اپیل کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ واقعے کی شفاف تحقیقات کی جائیں۔ ساتھ ہی انہوں نے عوام سے بھی اپیل کی کہ اصل حقیقت جاننے کے لیے ان کی جانب سے شیئر کی جانے والی ویڈیو ضرور دیکھیں۔





