رابی پیرزادہ کا ذاتی زندگی سے متعلق اہم انکشاف، شادی اور خلع پر پہلی بار کھل کر گفتگو
کراچی: پاکستانی میڈیا کی معروف شخصیت، گلوکارہ اور کاروباری خاتون رابی پیرزادہ نے حال ہی میں اپنی ذاتی زندگی سے متعلق ایک اہم انکشاف کرتے ہوئے اپنی شادی اور خلع کے بارے میں پہلی بار کھل کر بات کی ہے۔
شوبز انڈسٹری سے کنارہ کشی اختیار کرنے کے بعد رابی پیرزادہ اس وقت ایک بیوٹی برانڈ چلا رہی ہیں، مصوری سے وابستہ ہیں اور فلاحی سرگرمیوں میں بھی متحرک کردار ادا کر رہی ہیں۔ حال ہی میں انہوں نے ایک پوڈکاسٹ میں شرکت کی جہاں انہوں نے اپنی نجی زندگی کے ان پہلوؤں پر گفتگو کی جن پر وہ ماضی میں خاموش رہی تھیں۔
پوڈکاسٹ کے دوران رابی پیرزادہ نے بتایا کہ وہ شادی شدہ تھیں تاہم بعد ازاں انہوں نے خلع لے لی۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ بات وہ پہلی مرتبہ عوام کے سامنے لا رہی ہیں اور اس سے قبل نہ تو انہوں نے اپنی شادی اور نہ ہی علیحدگی کے حوالے سے کبھی گفتگو کی۔
رابی پیرزادہ نے کہا کہ وہ کسی کے خلاف بات نہیں کرنا چاہتیں، لیکن اس رشتے میں پیش آنے والے حالات کے بعد خلع لینے کا فیصلہ کیا، جو ان کے نزدیک دونوں فریقین کی تکالیف کے خاتمے کا باعث بنا۔
انہوں نے مستقبل کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ دوبارہ شادی کا امکان موجود ہے اور اس ضمن میں وہ اداکار احمد علی بٹ کی دی گئی نصیحت کو بھی یاد رکھتی ہیں۔
ایک اور اہم انکشاف میں رابی پیرزادہ نے بتایا کہ انہوں نے والدین کے دباؤ میں آ کر شادی کی تھی اور یہ شادی ’وٹہ سٹہ‘ یعنی تبادلہ شادی تھی، جس پر انہیں آج بھی افسوس ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس قسم کی شادیوں میں اکثر فریقین کو مشکلات اور ذہنی دباؤ کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔
رابی پیرزادہ کے اس اعتراف کو سوشل میڈیا پر خاصی توجہ حاصل ہو رہی ہے، جہاں صارفین ان کی جرات اور سچائی کو سراہ رہے ہیں۔






