کپل شرما نے 2025 کا اختتام دبئی میں نئے کیفے کے افتتاح کے ساتھ کیا
ویب ڈیسک: نامور بھارتی کامیڈین اور میزبان کپل شرما نے سال 2025 کا اختتام اسٹیج پر کسی پنچ لائن کے بجائے اپنے نئے کیفے "کیپس کیفے” کے افتتاح کے ساتھ کیا۔
31 دسمبر 2025 کو دبئی میں افتتاح کیے گئے اس کیفے کا انداز کپل شرما کے نیٹ فلکس شو سے متاثر ہے، اور اسے ایک ایسی جگہ کے طور پر پیش کیا جا رہا ہے جہاں شائقین نہ صرف کھانا کھا سکیں بلکہ کپل شرما کی کامیڈی کی دنیا کا حصہ بھی بن سکیں۔
انسٹاگرام پر جاری مختصر ویڈیو میں 44 سالہ کپل شرما کو ہاتھ میں کافی لیے گاہک کا خیرمقدم کرتے دکھایا گیا، جبکہ پس منظر میں دبئی کی اسکائی لائن نظر آ رہی ہے۔ ویڈیو سے کیفے کے دوستانہ اور پُرسکون ماحول کی جھلک ملتی ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق دبئی کے کیفے کا اندرونی ڈیزائن کینیڈا کے شہر سرے میں موجود ان کے کیفے سے مشابہ ہے، جہاں گرمجوش ماحول اور کپل کی آن اسکرین شخصیت کی عکاسی کی گئی ہے۔ کیفے شام 4 بجے سے رات 12 بجے تک کھلا رہے گا، اور مینو میں بھارتی اور مغربی کھانوں کے امتزاج کی توقع ہے، جیسے وڈا پاؤ، پاستا، اور گرم و ٹھنڈے مشروبات۔
یہ لانچ ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب دی گریٹ انڈین کپل شو آن لائن اسٹریمنگ پلیٹ فارم نیٹ فلکس پر شاندار کامیابی حاصل کر رہا ہے۔ شو کے چوتھے سیزن نے صرف دو ہفتوں میں 23 لاکھ ویوز حاصل کیے اور یہ اس وقت نیٹ فلکس انڈیا کے سب سے زیادہ دیکھے جانے والے نان فکشن شوز میں شامل ہے۔






