انٹرٹینمنٹ

اسلام آباد میں لائیو کنسرٹ کے دوران شائے گل ڈرون حادثے میں زخمی

اسلام آباد میں منعقد ہونے والے ایک لائیو کنسرٹ کے دوران عالمی شہرت یافتہ ابھرتی ہوئی گلوکارہ شائے گل ایک افسوسناک حادثے کا شکار ہو گئیں، جب پرفارمنس کے دوران ایک بے قابو ڈرون ان کے ہاتھ سے ٹکرا گیا، جس کے باعث وہ زخمی ہو گئیں۔

تفصیلات کے مطابق واقعہ اس وقت پیش آیا جب شائے گل اسلام آباد میں اپنے مداحوں کے لیے لائیو پرفارم کر رہی تھیں۔ کنسرٹ کی ویڈیو ریکارڈ کرنے کے لیے استعمال ہونے والا ایک ڈرون اچانک گلوکارہ کے قریب آ گیا۔ عینی شاہدین کے مطابق چند ہی لمحوں بعد ڈرون آپریٹر ڈرون پر کنٹرول کھو بیٹھا اور تیز رفتاری کے باعث ڈرون شائے گل کے ہاتھ سے ٹکرا گیا۔

حادثے کے فوراً بعد کنسرٹ میں خوف و ہراس پھیل گیا اور پرفارمنس کو عارضی طور پر روک دیا گیا۔ منتظمین نے فوری طور پر گلوکارہ کو اسٹیج سے ہٹا کر ابتدائی طبی امداد فراہم کی۔

بعد ازاں شائے گل نے سوشل میڈیا پر اپنے مداحوں کو اپنی خیریت سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ وہ محفوظ ہیں اور انہیں کوئی سنگین چوٹ نہیں آئی۔ انہوں نے اپنے پیغام میں کہا کہ وہ بالکل ٹھیک ہیں اور مداحوں کی دعاؤں اور خیریت دریافت کرنے پر شکر گزار ہیں۔

تاہم بعد میں شیئر کی گئی ایک ویڈیو میں شائے گل کی کلائی اور ہاتھ پر کٹ کے واضح نشانات دیکھے جا سکتے ہیں، جہاں بعض مقامات سے خون بھی رس رہا ہے۔

کنسرٹ کے منتظمین نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ مذکورہ ڈرون ایک غیر پیشہ ور اور ناتجربہ کار آپریٹر کے زیرِ استعمال تھا، جو ہجوم اور اسٹیج کے قریب ڈرون کو محفوظ انداز میں کنٹرول کرنے میں ناکام رہا۔

دوسری جانب سوشل میڈیا صارفین اور مداحوں نے واقعے پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ بڑے عوامی ایونٹس میں حفاظتی انتظامات کو مزید مؤثر بنایا جائے، تاکہ مستقبل میں ایسے حادثات سے بچا جا سکے۔

مزید دکھائیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button