ملزمہ آمنہ عروج کی این سی سی آئی اے مقدمے میں ضمانت خارج، عدالت نے دلائل سن کر فیصلہ سنایا
لاہور: ضلع کچہری لاہور کی عدالت نے خلیل الرحمان قمر کی نامناسب ویڈیو وائرل کرنے سے متعلق مقدمے میں ملزمہ آمنہ عروج کی ضمانت خارج کرنے کا فیصلہ جاری کیا ہے۔
فیصلے میں کہا گیا کہ ملزمہ کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ مقدمہ ایک سال تین ماہ بعد درج کیا گیا اور ملزمہ کا اس میں کوئی کردار نہیں ہے۔ وکیل نے مزید کہا کہ مقدمہ سزا کی معطلی کے بعد درج ہوا۔
دوسری جانب پراسیکیوٹر نے عدالت کو بتایا کہ ملزمہ نے ویڈیو بنوانے اور وائرل کرنے میں اہم کردار ادا کیا، جبکہ شریک ملزمان صرف سہولت کاری کے لیے نامزد کیے گئے ہیں۔
عدالت نے ریکارڈ اور موجودہ ثبوتوں کا جائزہ لینے کے بعد فیصلہ سنایا کہ ملزمہ کے خلاف مقدمہ سیکشن 497 کے تحت قابل ضمانت نہیں ہے اور ملزمہ آمنہ عروج کی درخواست ضمانت خارج کی جاتی ہے۔
مقدمے کی کارروائی مدعی کے وکیل چوہدری مدثر ایڈووکیٹ کی جانب سے دلائل پیش کرنے کے بعد مکمل ہوئی، جس میں عدالت نے این سی سی آئی اے کے زیرِ انتظام مقدمے میں ثبوت اور قانونی پہلوؤں کو مدنظر رکھتے ہوئے فیصلہ سنایا۔






