نورا فتحی خوفناک ٹریفک حادثے کا شکار، سر پر شدید چوٹ لیکن کنسرٹ میں پرفارم کرنے کا عزم
بالی ووڈ کی مشہور رقاصہ اور اداکارہ نورا فتحی ایک خوفناک ٹریفک حادثے کا شکار ہو گئیں، تاہم ان کی حوصلہ افزائی اور پروفیشنلزم کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ حادثے کے باوجود انہوں نے اسپتال سے ڈسچارج ہو کر اپنے کام کو ترجیح دی۔
بھارتی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق، یہ حادثہ اس وقت پیش آیا جب نورا فتحی اپنی ٹیم کے ہمراہ امریکا کے مشہور ڈی جے ڈیوڈ گوئٹا کے کنسرٹ میں شرکت کے لیے روانہ ہو رہی تھیں۔ اس دوران ایک تیز رفتار کار نے ان کی گاڑی کو زور دار ٹکر مار دی، جس کے نتیجے میں اداکارہ کی گاڑی ایک سائیڈ سے تباہ ہو گئی۔
تصادم کے باعث نورا فتحی کا سر اگلی سیٹ سے ٹکرا گیا، اور انہیں شدید چوٹ آئی۔ انہیں فوراً اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں ڈاکٹرز نے تصدیق کی کہ ان کے دماغ کو شدید اندرونی جھٹکا لگا ہے۔ ڈاکٹرز نے انہیں مکمل آرام کا مشورہ دیا، لیکن نورا فتحی نے ڈاکٹرز کی ہدایت نظرانداز کرتے ہوئے اسپتال سے فوراً ڈسچارج ہو کر سیدھا کنسرٹ میں جانے کا فیصلہ کیا۔
نورا فتحی نے سن برن فیسٹیول 2025 میں اسٹیج پر آ کر پرفارم کیا، حالانکہ وہ ابھی تک حادثے کی وجہ سے زخمی تھیں۔ ان کا یہ اقدام ان کی پیشہ ورانہ لگن اور عزم کو ظاہر کرتا ہے۔





