ژالے سرحدی نے ایوارڈز شوز پر اٹھائے سوال، فنکاروں کے لیے شفافیت کی کمی کا انکشاف
پاکستانی ٹی وی اور فلم انڈسٹری کی معروف اداکارہ ژالے سرحدی نے حالیہ انٹرویو میں ایوارڈز شوز پر تنقید کرتے ہوئے ان کی ساکھ پر سوال اٹھا دیے ہیں۔ اداکارہ نے نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں بطور مہمان شرکت کی اور مختلف معاملات پر اپنے خیالات کا اظہار کیا۔
ژالے سرحدی نے کہا کہ اکثر ایوارڈز شوز میں چند گنے چنے اداکاروں کو ہی بیک ٹو بیک ایوارڈز دیے جاتے ہیں۔ انہوں نے انکشاف کیا کہ بہت سے فنکار ایوارڈز کے لیے خود درخواست دیتے ہیں اور بعض اوقات پیسے دے کر ایوارڈ حاصل کرتے ہیں۔
اداکارہ نے کہا:
"مجھے اب تک ایوارڈ اس لیے نہیں ملا کیونکہ میرے پاس اتنے پیسے نہیں ہیں۔ مجھے نہیں معلوم کہ کتنے پیسے چاہیے، لیکن میں نے سنا ہے کہ یہ سب ایوارڈز شوز میں ہوتا ہے۔ اسی لیے ایسے ایوارڈز کی کوئی ساکھ نہیں ہوتی۔”
ژالے سرحدی نے مزید کہا کہ ایوارڈز شوز کو اجتماعی طور پر منعقد ہونا چاہیے، کیونکہ چینلز کا صرف اپنے ہی اداکاروں کو ایوارڈ دینا معتبر نہیں۔ انہوں نے ایک واقعے کا ذکر بھی کیا جس میں ایک اداکار نامزد تھا، مگر ایوارڈ کسی اور کو دے دیا گیا کیونکہ نامزد اداکار تقریب میں موجود نہیں تھا۔






