بھارتی اداکارہ سری لیلا نے نازیبا اے آئی تصاویر کے وائرل ہونے پر پولیس میں شکایت درج کروا دی
ممبئی: بھارتی اداکارہ سری لیلا نے اپنی نازیبا اے آئی (AI) تصاویر وائرل ہونے کے بعد پولیس میں باقاعدہ شکایت درج کروا دی ہے۔
سری لیلا نے سوشل میڈیا پر ایک جذباتی نوٹ شیئر کیا، جس میں انہوں نے بتایا کہ اے آئی کے ذریعے تیار کی گئی جعلی تصاویر نے انہیں ذہنی اذیت اور صدمے سے دوچار کیا ہے۔ اداکارہ کے مطابق حال ہی میں انہیں اس سنگین مسئلے کا علم ہوا، جس کے بعد انہوں نے فوری طور پر پولیس سے رجوع کیا۔
اداکارہ نے عوام اور سوشل میڈیا صارفین سے اپیل کی کہ وہ اے آئی کے غلط استعمال کو فروغ نہ دیں اور ٹیکنالوجی کے مثبت استعمال کو ترجیح دیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ٹیکنالوجی کا مقصد انسانی زندگی کو آسان بنانا ہے، نہ کہ اسے مزید پیچیدہ اور تکلیف دہ بنانا۔
سری لیلا نے خواتین کے احترام پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ہر عورت کسی نہ کسی رشتے یا پیشے سے جڑی ہوتی ہے اور کسی کو بھی جعلی یا مسخ شدہ تصاویر کے ذریعے بدنام کرنا ناقابل قبول ہے۔
انہوں نے یہ بھی ذکر کیا کہ اپنے مصروف شیڈول کے باعث آن لائن سرگرمیوں سے لاعلم رہنے کے بعد اس معاملے کی نشاندہی کرنے پر اپنے خیرخواہوں کا شکریہ ادا کیا۔
اداکارہ نے کہا کہ یہ صورتحال ان کے لیے انتہائی پریشان کن اور دل شکن ہے، تاہم انہوں نے یقین دلایا کہ اب اس معاملے کو متعلقہ حکام سنبھال رہے ہیں۔






