علیزے شاہ ندا یاسر اور صبا فیصل کی ٹرولنگ پر خوش، بیان وائرل
کم عمری میں فلم ’سپر اسٹار‘ سے اداکاری کا آغاز کرنے والی نوجوان اداکارہ علیزے شاہ ڈرامہ ’عہدِ وفا‘ میں ڈاکٹر دعا کے کردار سے بے حد مقبول ہوئیں۔
حالیہ دنوں میں علیزے شاہ ایک بار پھر خبروں کی زینت بنی ہیں، تاہم اس بار وجہ ان کا دو ٹوک اور بے باک تبصرہ ہے، جس میں وہ شوبز انڈسٹری کی چند معروف شخصیات پر کھل کر تنقید کر رہی ہیں۔
ان دنوں اداکارہ صبا فیصل اور میزبان ندا یاسر سوشل میڈیا پر تنقید کی زد میں ہیں۔ ندا یاسر کو فوڈ ڈیلیوری رائیڈرز کے حوالے سے منفی بیان دینے پر شدید ردِعمل کا سامنا کرنا پڑا، جس کے بعد انہیں معذرت بھی کرنی پڑی۔ دوسری جانب صبا فیصل کے بہوؤں اور خواتین کو قابو میں رکھنے سے متعلق بیانات پر بھی انہیں تنقید کا سامنا ہے۔
علیزے شاہ نے ان معاملات پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ صبا فیصل نے ان کے ساتھ دو منصوبوں میں کام کیا، مگر پھر بھی انہیں ’نیچرل‘ اداکارہ کے طور پر تسلیم نہیں کیا، امید ہے اب سب کچھ واضح ہو گیا ہوگا۔ ندا یاسر کے حوالے سے علیزے نے طنزیہ انداز میں کہا کہ شاید ان کا اسٹاف کو ادائیگی نہ کرنے کا رجحان ان کے شوہر یاسر نواز سے منتقل ہوا ہے۔






