بھارتی اداکارہ شفالی جری والا انتقال کر گئیں، موت کی ممکنہ وجہ دوا اور انجیکشن قرار
ممبئی – معروف بھارتی ماڈل اور اداکارہ شفالی جری والا کی اچانک موت نے شوبز انڈسٹری، مداحوں اور اہل خانہ کو شدید صدمے سے دوچار کر دیا ہے۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق ان کا انتقال ممکنہ طور پر دل کا دورہ پڑنے سے ہوا، تاہم طبی ماہرین اور پولیس ذرائع نے اس واقعے سے متعلق مختلف پہلوؤں پر روشنی ڈالی ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق، شفالی جری والا نے 27 جون کو دوپہر کے وقت اینٹی ایجنگ انجیکشن لیا، اور شام میں معمول کی دوا بھی استعمال کی۔ پولیس ذرائع کے مطابق، یہ امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ انہوں نے خالی پیٹ دوا لی جس کے باعث ان کا بلڈ پریشر اچانک بہت نیچے گر گیا۔ بعد ازاں انہیں شدید کپکپی اور بے ہوشی جیسی کیفیت کا سامنا کرنا پڑا۔
شفالی کے معالج کے مطابق، وہ گزشتہ 5 سے 6 برس سے اینٹی ایجنگ علاج کا حصہ تھیں، تاہم ان کی دل سے متعلق کوئی ہسٹری نہیں تھی۔
پوسٹ مارٹم رپورٹ محفوظ، پولیس نے موت کو فی الحال قدرتی قرار دیا
واقعے کے بعد شفالی کو فوری طور پر کوپر اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں ڈاکٹروں نے ان کے انتقال کی تصدیق کی۔ پولیس نے ابتدائی طور پر اسے قدرتی موت قرار دیا ہے، تاہم اصل وجہ جاننے کے لیے پوسٹ مارٹم رپورٹ فی الحال محفوظ رکھی گئی ہے۔
آخری رسومات، شوہر کی اپیل برائے پرائیویسی
گزشتہ روز شفالی کی آخری رسومات ممبئی میں ادا کی گئیں۔ اس موقع پر ان کے شوہر اداکار پراگ تیاگی اور قریبی اہل خانہ موجود تھے۔ غم کی شدت سے نڈھال پراگ تیاگی نے میڈیا سے گفتگو میں ہاتھ جوڑ کر اپیل کی:
"ہم اس وقت انتہائی مشکل میں ہیں، گزارش ہے کہ ہماری پرائیویسی کا احترام کیا جائے۔”
شفالی جری والا: ایک مختصر مگر یادگار سفر
2002 میں ریلیز ہونے والے مقبول ریمکس گیت "کانٹا لگا” سے شہرت حاصل کرنے والی شفالی نے بعد ازاں بگ باس 13 اور نچ بلیے جیسے ریئلٹی شوز میں شرکت کی۔ اپنی فنی زندگی کے آخری برسوں میں وہ مرگی کی بیماری سے نبردآزما رہیں، جس کے باعث ان کی مصروفیات محدود ہو گئیں۔
انہوں نے 2014 میں اداکار پراگ تیاگی سے دوسری شادی کی تھی اور حالیہ برسوں میں ایک بچی کو گود لینے کی خواہش کا اظہار بھی کیا تھا۔






