عامر خان کی دستاویزی فلم ‘ستاروں کے ستارے’ کا ٹریلر جاری
بالی ووڈ اسٹار عامر خان، جو ’مسٹر پرفیکشنسٹ‘ کے نام سے مشہور ہیں، ایک بار پھر مداحوں کی توجہ کا مرکز بن گئے ہیں اور انہوں نے دستاویزی فلم ’ستاروں کے ستارے‘ کا ٹریلر جاری کر دیا ہے۔ یہ فلم مشہور فلم ’ستارے زمین پر‘ میں نظر آنے والے خصوصی صلاحیتوں کے حامل بچوں کے والدین کے حقیقی زندگی کے سفر پر مبنی ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق عامر خان نے اس فلم میں کام کرنے والے اسپیشل بچوں کے والدین کو ’حقیقی ستارے‘ قرار دیا، کیونکہ ان کی کہانیاں ایک گہری جذباتی اور سچائی پر مبنی فلم کا تاثر قائم کرتی ہیں۔
ٹریلر کی شروعات ایک اداکار کے والدین کی آواز سے ہوتی ہے، جس میں وہ معاشرے میں معذوری کے حوالے سے پائی جانے والی بے چینی کا اظہار کرتے ہیں اور کہتے ہیں کہ ’ہمارے ملک میں لوگ اسپیشل بچوں کو چھپا کر رکھتے ہیں، اگر آپ اسے پردے پر دکھائیں تو کون ہی دیکھے گا۔‘
ٹریلر میں والدین کی ذاتی کہانیاں بھی شامل ہیں، جہاں وہ اپنی شادی اور محبت کی داستان بیان کرتے ہیں، اور پھر سنجیدہ انداز اختیار کرتے ہوئے اس لمحے کے بارے میں بات کرتے ہیں جب انہیں احساس ہوا کہ ان کے بچے دوسروں سے مختلف صلاحیتوں کے حامل ہیں۔
ایک دردناک واقعہ بھی دکھایا گیا ہے، جب والدین کو کہا گیا کہ دوسرے والدین کی اعتراضات کی وجہ سے اپنے بچے کو اسکول نہ بھیجیں۔ ایک والدین نے بتایا کہ ڈاکٹر اور اساتذہ اکثر ایسی مشکل زبان میں بات کرتے تھے کہ سمجھنے میں دشواری پیش آتی اور بچہ خود کو تنہا محسوس کرنے لگا۔
عامر خان کی یہ دستاویزی فلم معاشرے کی اس سماجی منافقت کو بھی بے نقاب کرتی ہے، جہاں سماج، ڈاکٹر اور اساتذہ سب آپ کو کمتر محسوس کرواتے ہیں، اور والدین کو مشورہ دیا جاتا ہے کہ روایتی رسومات اور دعاؤں سے بچے کو ٹھیک کیا جا سکتا ہے۔
فلم نہ صرف دل خراش لمحات دکھاتی ہے بلکہ معاشرے میں والدین کی حوصلہ مندی اور بچوں کی صلاحیتوں پر اعتماد کی کہانی بھی بیان کرتی ہے۔ والدین ٹریلر میں کہتے ہیں کہ امید کبھی نہیں چھوڑنی چاہیے، کیونکہ جس دن آپ امید چھوڑ دیں، سب کچھ ختم ہو جائے گا۔
ٹریلر میں عامر خان اور بچوں کے ساتھ گرم جوشی کے لمحات اور ہلکا پھلکا مذاق بھی دکھایا گیا ہے، جو فلم کی جذباتی گہرائی کے ساتھ ایک خوشگوار تاثر بھی قائم کرتا ہے۔






