کیا رونالڈو فلمی دنیا میں قدم رکھنے والے ہیں؟ کونسی فلم کا حصہ ہوں گے؟
ہالی ووڈ: مشہور ایکشن فلم سیریز فاسٹ اینڈ فیورس میں فٹبال کے عالمی سپر اسٹار کرسٹیانو رونالڈو کی شمولیت کے امکانات پر قیاس آرائیاں زور پکڑ گئیں، جب فلم کے مرکزی اداکار وِن ڈیزل نے دلچسپ اشارہ دے دیا۔
وِن ڈیزل نے انسٹاگرام پر رونالڈو کے ساتھ اپنی تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا: "سب پوچھ رہے تھے کیا وہ فاسٹ مِتھالوجی کا حصہ ہوں گے؟ میں بتاتا چلوں، وہ واقعی اصل ہیں، ہم نے ان کے لیے ایک کردار لکھ دیا ہے۔”
اس اعلان کے بعد سوشل میڈیا پر مداحوں کا جوش دیدنی ہوگیا۔ ایک صارف نے کہا کہ "جی ٹی اے 6 سے پہلے فاسٹ ایکس میں رونالڈو کا آنا ناقابلِ یقین ہے”، جبکہ دوسرے نے لکھا کہ "دنیا اگلی فاسٹ مِتھالوجی دیکھنے کے لیے بےچین ہے”۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق فاسٹ اینڈ فیورس 11 کا ممکنہ نام فاسٹ فارایور رکھا گیا ہے، جو 2001ء میں شروع ہونے والی اس فلمی فرنچائز کا آخری باب ہوگا۔ اگرچہ پروڈکشن میں کچھ تاخیر ہوئی، تاہم فلم کو 2026ء میں ریلیز کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے، جس سے رونالڈو کی شمولیت کے امکانات مزید روشن ہوگئے ہیں۔






