متحدہ عرب امارات میں 2026 میں عیدالفطر اور عیدالاضحیٰ کی متوقع تعطیلات کا اعلان
متحدہ عرب امارات: 2026 میں عیدالفطر اور عیدالاضحیٰ کی متوقع تعطیلات کی تفصیلات سامنے آ گئی ہیں، جو آئندہ سال کی طویل ترین اور اہم سرکاری چھٹیوں میں شامل ہوں گی۔
یو اے ای کے سرکاری تعطیلات کے قانون کے مطابق آئندہ سال کم از کم 12 سرکاری تعطیلات ہوں گی، جن میں سب سے زیادہ دن عیدالفطر اور عیدالاضحیٰ کے مواقع پر متوقع ہیں۔ تاہم عیدین کی تعطیلات کو ہفتے کے آغاز یا اختتام کے ساتھ جوڑنے کی سہولت دستیاب نہیں ہوگی۔
فلکیاتی اندازوں کے مطابق عیدالفطر 2026 جمعہ، 20 مارچ کو ہونے کا امکان ہے، جس کے باعث جمعہ، ہفتہ اور اتوار کو تین روزہ تعطیلات متوقع ہیں۔ عیدالاضحیٰ سے قبل یومِ عرفہ 9 ذوالحجہ کو منایا جائے گا، جو ممکنہ طور پر منگل، 26 مئی کو ہوگا۔ عیدالاضحیٰ بدھ، 27 مئی سے جمعہ، 29 مئی تک متوقع ہے، جس کے نتیجے میں ویک اینڈ شامل ہونے کی صورت میں چھ روزہ وقفہ بن سکتا ہے۔
یو اے ای کا قومی دن، عید الاتحاد، 2 اور 3 دسمبر کو منایا جائے گا، جو 2026 میں بدھ اور جمعرات کے دن ہیں۔ امکان ہے کہ جمعہ کو سرکاری اداروں میں ریموٹ ورک کی سہولت دی جائے، تاہم نجی شعبے میں معمول کے مطابق کام جاری رہے گا۔
عیدین کی حتمی تاریخوں کا اعلان چاند دیکھنے اور سرکاری تصدیق کے بعد کیا جائے گا۔






