ایران میں ایک افسوسناک ٹریفک حادثے کے نتیجے میں درجن سے زائد افراد جان کی بازی ہار گئے۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق وسطی ایران کے ایک ہائی وے پر مسافروں سے بھری بس حادثے کا شکار ہو گئی۔
رپورٹس کے مطابق بس اصفہان سے شمال مشرقی شہر مشہد جا رہی تھی کہ دورانِ سفر ہائی وے کے مرکزی گارڈ ریل سے ٹکرا کر مخالف سمت کی لین میں الٹ گئی۔ حادثے کے دوران بس ایک ٹیکسی سے بھی جا ٹکرائی۔
میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ حادثے کے نتیجے میں بس میں سوار 11 مسافر موقع پر ہی ہلاک ہو گئے، جبکہ ٹیکسی میں موجود دو افراد بھی جانبر نہ ہو سکے۔ اس کے علاوہ خواتین سمیت 13 افراد زخمی ہوئے جنہیں فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کر کے طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔
حکام کے مطابق حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔





