کرکٹکھیل

ایشیز: آسٹریلوی ٹیم میں اچانک تبدیلی، اسمتھ کی جگہ خواجہ کو کیوں شامل کیا گیا؟

تیسرے ایشیز ٹیسٹ کے آغاز سے محض 20 منٹ قبل آسٹریلوی ٹیم میں غیر متوقع تبدیلی کر دی گئی، جہاں اسٹیو اسمتھ اچانک ٹیم سے باہر ہو گئے اور ان کی جگہ عثمان خواجہ کو اسکواڈ میں شامل کر لیا گیا۔

آسٹریلوی کرکٹ بورڈ کے مطابق اسٹیو اسمتھ بیماری کے باعث تیسرے ٹیسٹ میں شرکت نہیں کر سکے۔ انہیں متلی اور چکر آنے کی شکایت تھی، جس کے باعث ایڈیلیڈ اوول میں ٹاس سے کچھ دیر قبل ٹیم انتظامیہ نے انہیں آرام کا مشورہ دیا۔ اسمتھ کی جگہ عثمان خواجہ کو ٹیم میں واپس بلایا گیا ہے جو نمبر چار پر بیٹنگ کریں گے۔

آسٹریلیا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا، تاہم اسمتھ کی عدم موجودگی کو ٹیم کے لیے بڑا دھچکا قرار دیا جا رہا ہے۔ کپتان پیٹ کمنز کے مطابق اسمتھ نے صبح نیٹس میں فٹنس جانچنے کی کوشش کی تھی، مگر وہ خود کو مکمل طور پر تیار محسوس نہیں کر رہے تھے، جس کے بعد انہیں گھر بھیج دیا گیا۔

ٹیم انتظامیہ کو امید ہے کہ اسٹیو اسمتھ آئندہ میلبرن میں ہونے والے چوتھے ٹیسٹ تک فٹ ہو جائیں گے۔ اسمتھ ماضی میں بھی اندرونی کان (ویسٹیبیولر) مسائل کا شکار رہ چکے ہیں اور اسی نوعیت کی علامات انہیں پہلے بھی متاثر کر چکی ہیں۔

دوسری جانب عثمان خواجہ کے لیے یہ موقع غیر متوقع ثابت ہوا، کیونکہ صرف ایک دن قبل انہیں پلیئنگ الیون سے باہر رکھا گیا تھا، مگر اب وہ مڈل آرڈر میں واپسی کر چکے ہیں۔ تاہم اوپننگ جوڑی ٹریوس ہیڈ اور جیک ویدرالڈ کو برقرار رکھا گیا ہے۔

39 سالہ عثمان خواجہ نے میچ سے قبل بیٹنگ کوچ مائیکل ڈی وینوٹو سے گلے مل کر جذباتی لمحات بھی شیئر کیے، جو اس اچانک واپسی کی عکاسی کرتے ہیں۔

مزید دکھائیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button