بے دخلی کے بعد یوٹیوبر رجب بٹ اور ندیم نانی والا پاکستان پہنچ گئے، اسلام آباد ہائی کورٹ نے حفاظتی ضمانت دے دی
اسلام آباد: برطانیہ سے ڈی پورٹ کیے جانے کے بعد مشہور یوٹیوبر اور سوشل میڈیا انفلوئنسر رجب بٹ اور ندیم نانی والا پاکستان واپس پہنچ گئے۔ دونوں یوٹیوبرز برٹش ایئرویز کی پرواز BA-2161 کے ذریعے اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پہنچے۔
فلائٹ کے دوران دونوں نے تصاویر اور ویڈیوز بناکر سوشل میڈیا پر شیئر کیں۔ اسلام آباد ایئرپورٹ پر ان کے استقبال کے لیے بڑی تعداد میں ٹک ٹاکرز، یوٹیوبرز اور سوشل میڈیا انفلوئنسرز موجود تھے۔
ایئرپورٹ ذرائع کے مطابق پاکستان پہنچنے کے بعد دونوں کا امیگریشن عمل مکمل کر لیا گیا جس کے بعد وہ اپنے گھروں کو روانہ ہوگئے۔
اسلام آباد ہائی کورٹ کا حفاظتی ضمانت کا فیصلہ
اسلام آباد ہائی کورٹ نے گیمبلنگ ایپ اور سائبر کرائم کیسز میں یوٹیوبر رجب بٹ اور ٹک ٹاکر ندیم نانی والا کی کل تک کے لیے حفاظتی ضمانت منظور کی تھی، اور ایف آئی اے سمیت متعلقہ اداروں کو ہدایت کی تھی کہ انہیں ایئرپورٹ پر لینڈ کرنے پر گرفتار نہ کیا جائے۔
جسٹس انعام امین منہاس نے کیس کی سماعت کے دوران دونوں ملزمان کے وکیل احد کھوکھر کے دلائل سننے کے بعد حکم جاری کیا۔ وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ ان کے موکل وطن واپس آ کر مقدمات کا سامنا کرنا چاہتے ہیں لہٰذا گرفتاری سے بچانے کے لیے حفاظتی ضمانت دی جائے۔
عدالت نے دونوں یوٹیوبرز کو حکم دیا ہے کہ وہ اسلام آباد ہائی کورٹ میں پیش ہو کر اپنا موقف پیش کریں۔
برطانیہ نے رجب بٹ کو ملک بدر کیوں کیا؟
واضح رہے کہ گزشتہ روز برطانوی ہوم ڈیپارٹمنٹ نے رجب بٹ کا ویزہ منسوخ کرتے ہوئے انہیں ملک بدر کرنے کا فیصلہ کیا تھا، حالانکہ ان کے پاس 2027 تک کا ویزہ موجود تھا۔ انہیں تحریری طور پر مطلع کیا گیا تھا کہ ان کا ویزہ ختم کر دیا گیا ہے۔
رجب بٹ نے اعلان کیا ہے کہ وہ برطانوی محکمہ داخلہ کے فیصلے کے خلاف اپیل دائر کریں گے۔






