سہیل سمیر نے پہلی بار سابقہ اہلیہ صوفیہ احمد سے طلاق پر کھل کر بات کی
اداکار سہیل سمیر نے اپنی سابقہ اہلیہ صوفیہ احمد سے طلاق کے معاملے پر پہلی بار کھل کر گفتگو کی ہے۔ نجی ٹی وی کے مارننگ شو میں میزبان ندا یاسر سے بات کرتے ہوئے سہیل سمیر نے بتایا کہ وہ اور صوفیہ احمد تقریباً پندرہ سال قبل ملے تھے، لیکن ان کا رشتہ زیادہ دیر برقرار نہ رہ سکا اور 12 سے 14 سال پہلے علیحدگی اختیار کر لی۔
سہیل سمیر نے بتایا کہ وہ اس وقت دوبارہ شادی شدہ ہیں اور ان کی موجودہ بیوی گھریلو خاتون ہیں۔ واضح رہے کہ سہیل سمیر نے تقریباً پندرہ سال قبل نیوز اینکر صوفیہ احمد سے شادی کی تھی، اور صوفیہ احمد اس وقت بیرون ملک مقیم ہیں اور ان کا ایک بیٹا بھی ہے۔
شوبز انڈسٹری کے حوالے سے بات کرتے ہوئے سہیل سمیر نے کہا کہ کوئی بھی فیلڈ اچھی یا بری نہیں ہوتی، بلکہ یہ آپ پر منحصر ہے کہ آپ خود کیسے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ آج کل مشہور ہونے کا معیار عجیب سا ہوگیا ہے اور بہت سے لوگ خود چاہتے ہیں کہ ان کے بارے میں منفی بات کی جائے تاکہ وہ وائرل ہوں۔






