خلیل الرحمٰن قمر نے نعمان اعجاز اور ماہرہ خان کے ساتھ اختلافات پر کھل کر بات کی
معروف ڈرامہ نویس خلیل الرحمٰن قمر نے کہا ہے کہ ان کا نعمان اعجاز سے کوئی معمولی مسئلہ نہیں بلکہ ان سے شدید نفرت ہے اور وہ ہمیشہ کریں گے۔
ایک پروگرام کے دوران خلیل الرحمٰن قمر نے کہا کہ انڈسٹری کے کئی فنکاروں سے اختلافات کسی سے چھپے نہیں، لیکن نعمان اعجاز کے ساتھ معاملہ صرف اختلاف رائے یا ناراضی کا نہیں بلکہ ایک واضح اور سخت ناپسندیدگی کا ہے، جسے وہ چھپانا نہیں چاہتے۔
اسی گفتگو میں خلیل الرحمٰن قمر نے ماہرہ خان کے ساتھ اپنے تنازع پر بھی بات کی۔ انہوں نے کہا کہ ماہرہ خان ایک بہترین فنکارہ ہیں اور ان کے ساتھ تعلق ہمیشہ احترام اور دوستی پر مبنی رہا، لیکن وہ ان الفاظ کو معاف نہیں کر سکتے جو ماہرہ نے ان کے خلاف استعمال کیے تھے۔
خلیل الرحمٰن قمر نے امید ظاہر کی کہ شاید ایک دن وہ ان الفاظ کو معاف کر سکیں، مگر فی الحال یہ ان کے لیے قابلِ قبول نہیں ہیں۔
واضح رہے کہ ان دونوں کے درمیان تلخی اُس وقت بڑھی جب ماہرہ خان نے 2020 میں ایک ٹویٹ میں خلیل الرحمٰن قمر کے ماروی سرمد کے خلاف الفاظ کی مذمت کی اور حیرت ظاہر کی کہ خواتین کی تضحیک کے باوجود انہیں پروجیکٹس ملتے ہیں۔






