انٹرٹینمنٹ

کراچی: نیپا چورنگی کے قریب مین ہول میں گرنے والے تین سالہ بچے کی موت، شوبز شخصیات بھی سوگوار

کراچی: نیپا چورنگی کے قریب ایک افسوسناک واقعے میں تین سالہ ابراہیم گٹر کے مین ہول میں گر کر جاں بحق ہوگیا۔ بچے کی لاش پندرہ گھنٹے بعد برآمد ہوئی، جس کے بعد اس کی نماز جنازہ ادا کر کے تدفین کر دی گئی۔

ننھے ابراہیم اپنے والدین کے ساتھ شاپنگ کے لیے گیا تھا جب یہ المناک حادثہ پیش آیا۔ اس واقعے نے نہ صرف عام شہریوں بلکہ شوبز شخصیات کو بھی غمزدہ کر دیا ہے۔

اداکار احسن خان نے ابراہیم کی تصویر شیئر کرتے ہوئے کہا: "ہم آپ کو وہ حفاظت نہیں دے سکے جو ہر بچے کا بنیادی حق ہے۔ تمہاری معصومیت، بے بسی ہماری اجتماعی ناکامی کا نشان ہے، ابراہیم ہمیں معاف کر دینا۔”

اداکارہ فاطمہ آفندی نے انتظامیہ کو نشانہ بناتے ہوئے کہا: "یہ جو ای چالان سے کروڑوں روپے جمع ہو رہے ہیں، کیا ان سے روڈ پر مین ہول کے ڈھکن نہیں لگائے جا سکتے؟”

ماہرہ خان نے لکھا: "ویڈیو دیکھی جس میں ماں اپنے بچے کے لیے رو رہی ہے۔ اس حادثے کا ذمہ دار کون ہے؟ ناقابل تصور بے حسی۔”

سجل علی نے کہا: "انتہائی افسوسناک اور دل توڑ دینے والا واقعہ ہے۔ شرم آنی چاہیے اسے جو بھی اس کا ذمہ دار ہے۔ کراچی کا ذمہ دار کون؟ اس ناکام نظام کا ذمہ دار کون ہے؟ جو شہر لاکھوں لوگوں کا وزن اٹھاتا ہے، بدلے میں اس کی حفاظت میں کچھ بھی نہیں کیا جاتا۔”

اس کے علاوہ دیگر شوبز شخصیات نے بھی ننھے ابراہیم کی المناک موت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔

یہ حادثہ شہر میں مین ہولز کی ناقص دیکھ بھال اور حفاظتی انتظامات کی ناکامی پر سوالات کو جنم دے رہا ہے۔

مزید دکھائیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button