اداکارہ سحر خان کی پوڈکاسٹرز پر شدید تنقید: ’’انٹرٹینمنٹ کے نام پر خواتین کی تذلیل بند کی جائے‘‘
پاکستانی شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ سحر خان نے حالیہ دنوں میں ایسے پوڈکاسٹ شوز پر سخت ردِعمل دیا ہے جن میں میزبان مبینہ طور پر مہمانوں کی تذلیل کو انٹرٹینمنٹ بنایا ہوا ہے، خصوصاً خواتین کو نشانہ بنایا جاتا ہے۔
انسٹاگرام اسٹوری میں اظہارِ خیال کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آج کل بہت سے پوڈکاسٹ پریشان کن حد تک منفی ہوتے جا رہے ہیں جہاں میزبان مہمانوں کو صرف شرمندہ کرنے کے لیے بلاتے ہیں اور ایسے سوالات کرتے ہیں جو واضح طور پر تذلیل کے ارادے سے کیے جاتے ہیں۔
سحر خان نے بتایا کہ انہوں نے حال ہی میں ایک پوڈکاسٹ دیکھا جس میں میزبان نے ایک خاتون کی ویڈیوز دکھا کر اس سے پوچھا کہ “آپ کو کیا لگتا ہے کہ یہ سب صحیح ہے یا غلط؟”
انہوں نے اس رویے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ کسی کو یہ حق حاصل نہیں کہ وہ دوسرے انسان کی زندگی پر درست یا غلط ہونے کا فیصلہ صادر کرے۔
“زندگی خدا نے دی ہے، فیصلے کا اختیار بھی اسی کا ہے”
اداکارہ نے مزید لکھا کہ ہر انسان کو اپنی زندگی خدا کی عطا کردہ آزادی کے مطابق گزارنے کا حق ہے۔ صحیح اور غلط کا فیصلہ خدا بہتر جانتا ہے، یہ معاملہ بندے اور خدا کے درمیان ہے، نہ کہ پوڈکاسٹرز یا سوشل میڈیا میزبانوں کے درمیان۔
شرکاء کے لیے مشورہ
سحر خان نے لوگوں کو مشورہ دیا کہ انہیں ایسے پلیٹ فارمز سے دوری اختیار کرنی چاہیے جہاں ان کی تذلیل کا خدشہ ہو۔
انہوں نے کہا: “براہِ کرم ایسے شوز میں نہ جائیں جہاں آپ جانتے ہوں کہ آپ کی بے عزتی ہوگی۔”
اداکارہ نے کسی کا نام لیے بغیر پوڈکاسٹرز کو مخاطب کرتے ہوئے تنقیدی لہجے میں لکھا:
“اپنی زندگی سکون سے گزارو اور لوگوں کو تکلیف دینا بند کرو۔”
سحر خان کے اس مؤقف کی سوشل میڈیا پر بھرپور حمایت دیکھنے میں آرہی ہے، جہاں صارفین بھی پوڈکاسٹ کلچر میں بڑھتی ہوئی سنسی خیزی اور تذلیل کے رجحان پر تشویش کا اظہار کر رہے ہیں۔






