معروف گلوکار ایکون جارجیا میں گرفتار، بعد میں رہا
جارجیا: معروف امریکی گلوکار ایکون کو گزشتہ ہفتے امریکی ریاست جارجیا کے ڈی کالب کاؤنٹی (DeKalb County) میں پولیس نے گرفتار کیا، تاہم بعد ازاں انہیں رہا کر دیا گیا۔
رپورٹس کے مطابق چیمبلی پولیس ڈیپارٹمنٹ کے اہلکاروں نے ایکون کو اس وقت حراست میں لیا جب ٹنٹ ورلڈ (Tint World) نامی آٹو اسٹائلنگ سینٹر کے باہر سیکیورٹی کیمروں نے ایک گاڑی کی نشاندہی کی جس کے خلاف وارنٹ جاری تھا۔ موقع پر پہنچنے پر گاڑی کے مالک کی شناخت ایکون کے طور پر ہوئی اور حکام کے مطابق انہوں نے گرفتاری کے دوران کوئی مزاحمت نہیں کی۔
پولیس ریکارڈ کے مطابق ایکون کو تقریباً چھ گھنٹے جیل میں رکھا گیا، بعد ازاں باقاعدہ کارروائی کے بعد رہا کر دیا گیا۔ تاہم وارنٹ کس نوعیت کے مقدمے کے سلسلے میں جاری کیا گیا تھا، اس حوالے سے ابھی تک واضح معلومات سامنے نہیں آئی ہیں۔ ذرائع کے مطابق یہ وارنٹ روس ویل پولیس ڈیپارٹمنٹ نے جاری کیا تھا۔
یاد رہے کہ چند ماہ قبل پولیس نے ایکون کا ڈرائیونگ لائسنس معطل کیا تھا، جب ان کی ٹیسلا سائبر ٹرک بیٹری ختم ہونے کے باعث سڑک پر بند ہوگئی تھی۔ 52 سالہ ایکون نے اب تک اس واقعے پر کوئی بیان جاری نہیں کیا، اور اس وقت بھارت میں اپنے میوزک ٹور پر موجود ہیں۔






