اداکار گووندا بے ہوشی کی حالت میں اسپتال منتقل
ویب ڈیسک: بالی ووڈ کے معروف اداکار گووندا کو بے ہوشی کی حالت میں اسپتال منتقل کر دیا گیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق 61 سالہ اداکار کو گزشتہ رات ممبئی میں اپنے گھر پر اچانک طبیعت بگڑنے کے بعد جوہو کے کرٹی کیئر اسپتال میں داخل کرایا گیا۔
رپورٹس کے مطابق گووندا کو طبی پیچیدگیوں اور ذہنی تناؤ کے باعث اچانک بے ہوشی طاری ہوگئی تھی۔ اہلِ خانہ نے فوری طور پر ابتدائی طور پر گھر میں موجود ڈاکٹر سے رابطہ کیا، تاہم حالت بہتر نہ ہونے پر انہیں اسپتال منتقل کیا گیا۔
ذرائع کے مطابق اداکار کے متعدد ٹیسٹ کیے گئے ہیں اور ان کی رپورٹس کا انتظار کیا جا رہا ہے۔
گووندا کے قریبی دوست اور قانونی مشیر بندل نے بھارتی میڈیا سے گفتگو میں تصدیق کی کہ اداکار کو رات تقریباً ایک بجے ایمرجنسی میں اسپتال لایا گیا تھا۔
انہوں نے بتایا کہ "گھر پر پہلے ڈاکٹر سے فون پر مشورہ کیا گیا اور دوا دی گئی، مگر جب حالت بہتر نہ ہوئی تو فوراً اسپتال لے جایا گیا۔”
اسپتال انتظامیہ کے مطابق، گووندا کو ڈاکٹروں کی نگرانی میں رکھا گیا ہے اور ان کی صحت سے متعلق مزید تفصیلات جلد جاری کی جائیں گی۔





