کرن جوہر کا اعلان: ویرات کوہلی اور دیگر کرکٹرز کو ”کافی وِد کرن“ میں مدعو نہیں کیا جائے گا
ممبئی (ویب ڈیسک) — بالی وُڈ کے معروف فلم ساز اور ٹی وی میزبان کرن جوہر نے ایک حالیہ انٹرویو میں کہا ہے کہ وہ مستقبل میں ویرات کوہلی یا کسی بھی کرکٹر کو اپنے مشہور شو ”کافی وِد کرن“ میں شرکت کی دعوت نہیں دیں گے۔
کرن جوہر نے یہ بات ٹینس اسٹار ثانیہ مرزا کے ساتھ گفتگو کے دوران بتائی۔ جب ان سے پوچھا گیا کہ کون سی مشہور شخصیت ہمیشہ ان کے شو کی دعوت ٹھکرا دیتی ہے، تو انہوں نے فوراً رنبیر کپور کا نام لیا اور کہا کہ وہ پہلے شو میں آئے ہیں، مگر پچھلے تین سیزنز سے انکار کر رہے ہیں۔
ثانیہ مرزا کے سوال پر کہ کون ایسا شخص ہے جو کبھی شو پر نہیں آیا، کرن جوہر نے کہا:
”میں نے ویرات کوہلی کو کبھی نہیں بلایا اور انہیں بلانے کا کوئی ارادہ بھی نہیں۔ ہارڈک اور راہول کے ساتھ جو کچھ ہوا، اُس کے بعد میں نے طے کر لیا کہ کرکٹرز سے فاصلہ بہتر ہے۔“
کرن جوہر نے مزید کہا کہ بعض افراد کے بارے میں انہیں اندازہ تھا کہ وہ شو پر نہیں آئیں گے، اس لیے انہیں مدعو کرنے کی ضرورت محسوس نہیں ہوئی۔






