کنڑ فلم انڈسٹری کے معروف اداکار ہریش رائے کا 55 برس کی عمر میں انتقال
بنگلور (شوبز ڈیسک) — بھارت کی کنڑ فلم انڈسٹری کے معروف اداکار ہریش رائے 55 برس کی عمر میں کینسر کے باعث انتقال کر گئے۔
بھارتی نشریاتی ادارے این ڈی ٹی وی کے مطابق ہریش رائے کافی عرصے سے تھائرائیڈ کینسر میں مبتلا تھے اور علاج کے لیے بنگلور کے اسپتال میں زیرِ علاج تھے، جہاں انہوں نے جمعرات کو آخری سانس لی۔ ان کی بیماری پیٹ تک پھیل چکی تھی، جس کی وجہ سے ان کا جسم کافی کمزور ہو گیا تھا۔
ہریش رائے کو فلم ’’اوم‘‘ (1995) میں شیواجی کمار کے ساتھ کردار ’’رائے‘‘ اور بلاک بسٹر فلم ’’KGF‘‘ میں چاچا ’’خاصم‘‘ کے کردار سے شہرت ملی۔
کرناٹک کے نائب وزیرِ اعلیٰ ڈی کے شیوکمار نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم X پر ہریش رائے کی تصویر شیئر کرتے ہوئے افسوس کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا:
"کنڑ سینما کے معروف ولن اداکار ہریش رائے کا انتقال بے حد افسوسناک واقعہ ہے۔ کینسر سے ان کی جدوجہد کے بعد رخصتی نے فلم انڈسٹری کو ایک قابل اور بااثر فنکار سے محروم کر دیا۔”






