انٹرٹینمنٹ

رمضان میں ڈرامے کیوں نہیں بناتے؛ ہدایتکار دانش نواز نے ایمان افروز وجہ بتادی

کراچی — معروف اداکار، میزبان اور ہدایتکار دانش نواز نے انکشاف کیا ہے کہ وہ رمضان کے دوران کسی بھی قسم کی شوٹنگ یا ڈرامہ پروجیکٹ میں حصہ نہیں لیتے، بلکہ اس مہینے میں اپنا تمام کام ترک کر دیتے ہیں تاکہ عبادت پر مکمل توجہ دے سکیں۔

ایک حالیہ انٹرویو میں دانش نواز نے بتایا کہ وہ رمضان میں نہ اداکاری کرتے ہیں اور نہ ہی کسی ڈرامے کی ہدایت کاری۔ ان کا کہنا تھا کہ "میں رمضان کے مہینے میں اپنا کام مکمل طور پر بند کر دیتا ہوں، یہ اللہ کی رحمتوں اور برکتوں کو سمیٹنے کا مہینہ ہے، اس دوران عبادت پر توجہ دینا سب سے ضروری سمجھتا ہوں۔”

ہدایتکار نے مزید کہا کہ ماضی میں جب وہ رمضان کے دوران شوٹنگز کرتے تھے تو انہیں محسوس ہوا کہ وہ عبادت اور روحانی سکون سے محروم رہ جاتے ہیں، اسی لیے اب انہوں نے فیصلہ کیا ہے کہ رمضان میں کام سے دوری اختیار کر کے صرف عبادت کریں گے۔

دانش نواز نے اس بات کی تصدیق بھی کی کہ وہ رمضان یا عید کے لیے مخصوص ڈرامے بنانے یا کسی ایپی سوڈ کی شوٹنگ میں حصہ لینے سے گریز کرتے ہیں۔

واضح رہے کہ دانش نواز نے ماضی میں رمضان سے متعلق کئی مقبول ڈراموں کی ہدایت کاری کی، جن میں ’ہم تم‘ اور ’چپکے چپکے‘ شامل ہیں۔ دونوں ڈرامے ناظرین میں بے حد مقبول ہوئے اور انہیں ہلکی پھلکی مزاح اور دلکش کہانیوں کے باعث خاص پسند کیا گیا۔

انٹرویو کا کلپ سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد صارفین نے دانش نواز کے جذبۂ ایمانی کو سراہا اور ان کے فیصلے کو مثبت مثال قرار دیا۔ مداحوں نے ان کے لیے نیک تمناؤں اور مزید کامیابیوں کی دعائیں بھی دیں۔

مزید دکھائیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button