نبیل ظفر کا مطالبہ: کراچی میں گاڑی چلانے پر جرمانے کی بجائے انعام ملنا چاہیے
کراچی (تفصیلات):
معروف اداکار نبیل ظفر نے کہا ہے کہ کراچی کی سڑکوں پر گاڑی چلانے والے شہریوں کو چالان نہیں بلکہ انعام ملنا چاہیے۔ ان کا کہنا ہے کہ یہ عوام کی حقیقی ضرورت اور مطالبہ ہے۔
سوشل میڈیا پر ای چالان سسٹم پر تبصرہ کرتے ہوئے نبیل ظفر نے کہا کہ کراچی جیسے بڑے شہر میں اگر کوئی شخص ٹریفک، گڑھوں اور خراب سڑکوں کے باوجود اپنی گاڑی بحفاظت منزل تک پہنچاتا ہے تو اسے جرمانہ دینے کے بجائے سراہا جانا چاہیے۔
اداکار نے مزید کہا کہ کراچی کے شہری روزانہ ٹریفک جام، ٹوٹی پھوٹی سڑکیں اور لاپرواہ ڈرائیورز کے باوجود صبر اور حوصلے سے گاڑیاں چلاتے ہیں، جو واقعی قابل تعریف ہے۔
واضح رہے کہ سندھ حکومت نے شہر قائد کی مختلف شاہراہوں پر ای چالان سسٹم نافذ کیا ہے، جس کے باعث ہزاروں شہریوں کے گھروں میں چالان پہنچ چکے ہیں۔ عوام اور مختلف سیاسی جماعتوں کی جانب سے اس سسٹم کو بند کرنے اور پہلے خستہ حال سڑکوں کی مرمت کا مطالبہ بھی کیا جا رہا ہے۔






