لیجنڈری اداکار دھرمیندر طبیعت ناساز ہونے پر اسپتال منتقل
ممبئی — 1 نومبر 2025: بالی ووڈ کے عالمی شہرت یافتہ لیجنڈری اداکار دھرمیندر سنگھ کو طبیعت ناساز ہونے کے باعث ممبئی کے بریچ کینڈی اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔ وہ چند روز بعد اپنی 90ویں سالگرہ منانے والے تھے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق دھرمیندر کے اسپتال میں داخل ہونے کی خبر سامنے آتے ہی اسپتال کے باہر میڈیا نمائندوں اور مداحوں کا بڑا ہجوم جمع ہوگیا ہے، جو اپنے پسندیدہ اداکار کی صحت یابی کے لیے دعاگو ہیں۔
دھرمیندر، جنہوں نے ”شعلے“، ”دھرم ویر“، ”زمانہ تو ہے نوکر بیوی کا“، اور ”یملا پگلا دیوانہ“ جیسی بلاک بسٹر فلموں میں یادگار کردار ادا کیے، طویل عرصے سے بھارتی فلم انڈسٹری کا ایک نمایاں چہرہ رہے ہیں۔ ان کی اچانک ناسازی نے مداحوں کو تشویش میں مبتلا کر دیا ہے۔
حال ہی میں ان کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھی جس میں 89 سالہ اداکار بھنگڑا کرتے دکھائی دے رہے تھے، جس سے ظاہر ہوتا تھا کہ وہ بہترین صحت میں ہیں۔ تاہم اب ان کی طبیعت بگڑنے کی اطلاع پر تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے۔
دھرمیندر کے بیٹے اور معروف اداکار سنی دیول اور بوبی دیول نے میڈیا کو بتایا کہ ان کے والد کی حالت خطرے سے باہر ہے۔ ان کے مطابق “کچھ ضروری ٹیسٹ کیے گئے ہیں اور یہ محض عمر سے متعلق معمولی طبی مسائل ہیں۔”
دونوں بیٹوں نے امید ظاہر کی ہے کہ دھرمیندر جلد ہی صحت یاب ہو کر گھر واپس آ جائیں گے۔






