سینیئر اداکار گوردھن اسرانی انتقال کر گئے، بالی ووڈ سوگوار
ممبئی: بالی ووڈ کے سینئر اداکار اور لیجنڈری کامیڈین گوردھن اسرانی طویل علالت کے بعد ممبئی میں انتقال کر گئے۔ ان کی عمر 83 برس تھی۔
اسرانی کے منیجر بابو بھائی تھیبا نے بھارتی میڈیا کو بتایا کہ اداکار نے ممبئی کے علاقے جوہو میں واقع نیدھی اسپتال میں اپنی آخری سانس لی۔ ان کی آخری رسومات سانتا کروز کے کریماٹوریم میں انجام دی گئیں، جن میں صرف قریبی رشتہ دار شریک ہوئے۔
اداکار کے قریبی افراد میں ان کی بیوہ منجو اسرانی، بہن اور بھانجا شامل ہیں۔ اسرانی کی کوئی اولاد نہیں تھی۔
اکشے کمار کا اظہارِ افسوس
بالی ووڈ کے معروف اداکار اکشے کمار نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ‘ایکس’ پر گوردھن اسرانی کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے لکھا:
"اسرانی جی کی موت کی خبر سن کر میں غم سے نڈھال ہوں۔ صرف ایک ہفتہ قبل ہم فلم ‘حیوان’ کے سیٹ پر ملے تھے، جہاں انہوں نے مجھے بہت محبت سے گلے لگایا۔ وہ نہایت نیک دل انسان تھے، ان کا مزاح بے مثال تھا۔”
اکشے کمار نے مزید کہا کہ انہیں ‘ہیرا پھیری’، ‘بھاگم بھاگ’، ‘دے دنا دن’، ‘ویلکم’، اور آنے والی فلموں ‘بھوت بنگلہ’ اور ‘حیوان’ میں اسرانی کے ساتھ کام کرنے اور سیکھنے کا موقع ملا۔
"گوردھن اسرانی کا جانا فلم انڈسٹری کے لیے ایک ناقابلِ تلافی نقصان ہے”، اکشے کمار نے لکھا۔
پچاس سالہ شان دار فلمی کیریئر
گوردھن اسرانی نے 50 سے زائد برسوں پر محیط اپنے طویل کیریئر میں سینکڑوں فلموں میں کام کیا۔ ان کا شمار ہندی سنیما کے اُن اداکاروں میں ہوتا ہے جو اپنی مزاحیہ اداکاری کے ساتھ ساتھ سنجیدہ کرداروں میں بھی بے مثال صلاحیتوں کے مالک تھے۔
انہوں نے راجیش کھنہ، امیتابھ بچن، دھرمیندر، رشی کپور، اور گووندا جیسے کئی بڑے اداکاروں کے ساتھ کام کیا، اور اپنی مخصوص ڈائیلاگ ڈیلیوری اور چہرے کے تاثرات سے ناظرین کے دل جیتے۔
مداحوں کا خراجِ عقیدت
گوردھن اسرانی کے انتقال کی خبر سامنے آتے ہی سوشل میڈیا پر مداحوں اور شوبز شخصیات نے انہیں خراجِ عقیدت پیش کیا۔ ٹوئٹر، انسٹاگرام اور فیس بک پر ان کی یادگار فلمی مناظر، ڈائیلاگز اور ان کے ساتھ یادیں شیئر کی جا رہی ہیں۔






