سگریٹ نوشی کو خواتین کی آزادی سے جوڑنا غلط ہے: ثروت گیلانی
کراچی: معروف اداکارہ ثروت گیلانی نے حالیہ انٹرویو میں واضح کیا ہے کہ فلموں اور ویب سیریز میں خواتین کی سگریٹ نوشی کو آزادی یا خودمختاری کی علامت سمجھنا ایک غلط رویہ ہے۔
اداکارہ کا کہنا تھا کہ اس طرح کے مناظر دراصل کردار کی نفسیات اور کہانی کے تقاضے کے مطابق شامل کیے جاتے ہیں، نہ کہ کسی آزادی یا طاقت کے اظہار کے لیے۔ انہوں نے کہا کہ "ہماری سوسائٹی میں کچھ خواتین واقعی سگریٹ نوشی کرتی ہیں، اور جب ہم ان کرداروں کو اسکرین پر دکھاتے ہیں تو یہ صرف حقیقت کے قریب رہنے کی کوشش ہوتی ہے، نہ کہ کسی خاص بیانیے کو فروغ دینے کی۔”
ثروت گیلانی نے ویب سیریز اور ٹی وی ڈراموں میں کام کے فرق پر بات کرتے ہوئے کہا کہ ڈیجیٹل پلیٹ فارمز پر کام کی رفتار تیز ہوتی ہے۔ "اداکار کو بہت کم وقت میں جذبات منتقل کرنے ہوتے ہیں، جبکہ ٹی وی ڈراموں میں اس کے برعکس وقت زیادہ ہوتا ہے اور سینز کو زیادہ تفصیل سے پیش کیا جاتا ہے۔”
انہوں نے کہا کہ وہ اپنے کرداروں کے ذریعے سماجی مسائل اور خواتین کی حقیقت پسندانہ نمائندگی کو فروغ دینا چاہتی ہیں تاکہ ناظرین ان کہانیوں سے جڑ سکیں اور معاشرے میں آگاہی و تبدیلی پیدا ہو۔
اداکارہ کے مطابق، "فنون لطیفہ کا مقصد صرف تفریح نہیں بلکہ شعور اجاگر کرنا بھی ہے، اور میں چاہتی ہوں کہ میرے کردار اسی مقصد کی تکمیل کریں۔”
ثروت گیلانی کا یہ بیان ایک ایسے وقت میں آیا ہے جب ڈیجیٹل مواد پر خواتین کی تصویر کشی اور اس سے جُڑے تصورات پر مختلف حلقوں میں بحث جاری ہے۔






