پنجاب بھر کے تھیٹر ہالز پر دوبارہ گرینڈ آپریشن کا فیصلہ، 20 سے زائد فنکاروں کی کڑی مانیٹرنگ
لاہور (ویب ڈیسک): محکمہ داخلہ پنجاب نے صوبے بھر کے تھیٹر ہالز پر دوبارہ گرینڈ آپریشن کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ یہ فیصلہ 20 سے زائد اداکاروں اور اداکاراؤں کی سخت مانیٹرنگ کے بعد کیا گیا، جن کے خلاف قواعد کی خلاف ورزی کی شکایات سامنے آئیں۔
ذرائع کے مطابق صوبائی وزیر اطلاعات و ثقافت عظمیٰ بخاری کو پنجاب کے مختلف اضلاع میں واقع تھیٹر ہالز کی تفصیلی رپورٹ ارسال کر دی گئی ہے۔ رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ گریڈ 17 کے افسران کی جانب سے کی جانے والی مانیٹرنگ کے باعث کئی تھیٹرز نے قانون کی پاسداری شروع کر دی ہے۔
محکمہ داخلہ نے واضح کیا ہے کہ نائب قاصدوں اور کلرکوں کو مانیٹرنگ کے عمل سے روکنے کے بعد اصل خلاف ورزیاں سامنے آنے لگیں، اور متعدد تھیٹر ہالز انتظامیہ کی زد میں آ گئے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق شیخوپورہ، ساہیوال، اوکاڑہ، رحیم یار خان، فیصل آباد اور قصور کے تھیٹرز کے حوالے سے متعدد شکایات موصول ہو چکی ہیں، جن پر فوری کارروائی کا امکان ہے۔
دوسری جانب، پنجاب آرٹس کونسل نے تھیٹرز کی نگرانی کے لیے ای-مانیٹرنگ سسٹم متعارف کرانے کا فیصلہ کیا ہے اور اس کے لیے لائحہ عمل تیار کیا جا رہا ہے تاکہ صوبے بھر میں یکساں نظام نافذ کیا جا سکے۔






