جویریہ سعود: شادی کے بعد محسوس ہوا کہ مرد کی موجودگی عورت کو مضبوط اور محفوظ بناتی ہے
کراچی: پاکستانی شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ و رائٹر جویریہ سعود نے ایک نجی ٹی وی پروگرام میں اپنے کیریئر اور نجی زندگی سے متعلق باتیں کرتے ہوئے کہا ہے کہ شادی کے بعد انہیں احساس ہوا کہ ایک عورت کی زندگی میں کسی مرد کا ہونا اسے کتنا مضبوط اور محفوظ بناتا ہے۔
اداکارہ نے بتایا کہ ان کی سعود سے شادی ارینج میرج تھی اور شادی کے وقت وہ چار سال سے انڈسٹری سے دور تھیں۔ جویریہ نے کہا کہ پی ٹی وی کے دور میں انڈسٹری کا ماحول اچھا تھا، لیکن جب پرائیویٹ چینلز کا آغاز ہوا تو ماحول خراب ہو گیا، جس کی وجہ سے ان کے گھر والوں نے انہیں کام نہ کرنے کا مشورہ دیا۔
جویریہ نے کہا کہ شادی کے بعد ان کے جیٹھ نے پوچھا کہ وہ اداکاری کیوں چھوڑ چکی ہیں، جس پر سعود نے اپنا پروڈکشن ہاؤس شروع کرنے کا فیصلہ کیا تاکہ وہ اس میں کام کر سکیں۔
اداکارہ نے مزید کہا کہ شادی کے بعد انہیں یہ سمجھ آیا کہ مرد کی موجودگی عورت کو زندگی کے چیلنجز کا مقابلہ کرنے کے لیے مضبوط بناتی ہے اور اس کو تحفظ فراہم کرتی ہے۔






