"بیوی کو تھائی لینڈ کے کلب لے جانا”، اسما عباس کا بیٹے کو ہنی مون سے قبل دلچسپ مشورہ
ویب ڈیسک: پاکستان کی سینئر اداکارہ اسما عباس نے حال ہی میں ایک نجی ٹی وی پروگرام میں شرکت کے دوران اپنی فیملی، بچوں کی شادیوں اور بہوؤں کے انتخاب سے متعلق دلچسپ انکشافات کیے۔
گفتگو کے دوران اسما عباس نے بتایا کہ وہ اپنے بیٹوں کے مزاج کو بخوبی سمجھتی تھیں، اسی لیے بہوؤں کی تلاش میں خود بھی دلچسپی لی اور انتخاب میں اپنے بیٹوں کے رویے اور اپنی پسند کو مدنظر رکھا۔
"شادیوں پر ڈانس کرنا آتا ہے؟ مجھے تو یہی چاہیے!”
انہوں نے ہنستے ہوئے بتایا کہ:
"جب بڑے بیٹے کے لیے رشتہ دیکھنے گئی تو لڑکی کی والدہ نے کہا کہ اسے کچھ خاص نہیں آتا، بس شادیوں پر ڈانس کرنا آتا ہے۔ میں نے فوراً کہا کہ مجھے تو یہی چاہیے!”
اسما عباس کے مطابق دوسرے بیٹے کا مزاج کچھ حد تک "باس ٹائپ” ہے، اس لیے انہوں نے اس کے لیے بھی ویسی ہی لڑکی تلاش کی۔
چھوٹا بیٹا سب سے آگے نکلا!
اداکارہ نے مزید بتایا کہ ان کے دونوں بڑے بیٹے ہوشیار تھے اور شادی سے پہلے لڑکیوں سے دوستی بھی رکھتے تھے، مگر چھوٹے بیٹے کی کبھی کسی سے دوستی نہیں تھی۔ تاہم، حیرت انگیز طور پر وہی سب سے آگے نکلا اور اپنی پسند کی لڑکی سے شادی کر لی۔
تھائی لینڈ جانے سے قبل ’کلب‘ جانے کا مشورہ
اسما عباس نے ایک دلچسپ بات کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ:
"میری چھوٹی بہو بہت سادہ مزاج ہے، تو جب بیٹا ہنی مون کے لیے تھائی لینڈ جا رہا تھا تو میں نے اسے مشورہ دیا کہ اپنی بیوی کو کلب لے جائے۔ میں نے کہا کہ وہاں اندھیرا ہوتا ہے اور کوئی جاننے والا بھی نہیں ہوگا، یہ سن کر وہ ہنس پڑا۔”
مداحوں کی دلچسپی
اسما عباس کی کھل کر گفتگو اور زندگی کے بارے میں بے ساختہ انداز سوشل میڈیا پر مداحوں کو خوب پسند آ رہے ہیں، اور ان کی فیملی سے متعلق باتوں کو دلچسپی سے سنا جا رہا ہے۔






