خلیل الرحمان قمر ہنی ٹریپ کیس: مجرمہ آمنہ عروج کی اپیل پر سماعت 8 اکتوبر کو ہوگی
لاہور (ملک اشرف): معروف ڈرامہ نگار خلیل الرحمان قمر کو مبینہ طور پر نشانہ بنانے کے لیے ہنی ٹریپ کیس میں سزا یافتہ مجرمہ آمنہ عروج کی اپیل پر لاہور ہائیکورٹ میں سماعت 8 اکتوبر کو مقرر کر دی گئی ہے۔
جسٹس سید شہباز علی رضوی کی سربراہی میں دو رکنی بینچ کیس کی سماعت کرے گا۔ عدالت نے فریقین کو آئندہ سماعت پر دلائل پیش کرنے کے لیے طلب کر رکھا ہے۔
یاد رہے کہ انسداد دہشت گردی عدالت نے آمنہ عروج کو ہنی ٹریپ کیس میں سات سال قید کی سزا سنائی تھی، جسے انہوں نے ہائیکورٹ میں چیلنج کر رکھا ہے۔
مجرمہ کا مؤقف
اپیل کنندہ آمنہ عروج کی جانب سے مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ:
"ٹرائل کورٹ کا فیصلہ حقائق کے برعکس اور پیش کردہ شواہد سے مطابقت نہیں رکھتا۔ سزا غیر منصفانہ ہے، لہٰذا اسے کالعدم قرار دیا جائے۔”
پراسیکیوشن کا مؤقف
دوسری جانب پراسیکیوشن نے اپیل کی مخالفت کرتے ہوئے کہا ہے کہ:
"عدالت میں پیش کیے گئے شواہد اور گواہوں کے بیانات سے جرم مکمل طور پر ثابت ہو چکا ہے، اس لیے سزا کو برقرار رکھا جانا چاہیے۔”
واضح رہے کہ خلیل الرحمان قمر نے مقدمے میں مؤقف اختیار کیا تھا کہ ان کے ساتھ فراڈ اور بلیک میلنگ کی کوشش کی گئی، جس پر مقدمہ درج ہوا اور بعد ازاں ملزمہ کو سزا سنائی گئی۔






