لیری ایلیسن کی پانچویں شادی: 80 سالہ ارب پتی نے 33 سالہ چینی نژاد خاتون سے خاموشی سے رشتہ ازدواج جوڑ لیا
کیلیفورنیا: معروف امریکی کاروباری شخصیت اور دنیا کی سب سے بڑی کمپیوٹر سافٹ ویئر کمپنی اوریکل (Oracle) کے شریک بانی لیری ایلیسن نے 80 سال کی عمر میں 33 سالہ چینی نژاد امریکی خاتون جویلن ژو سے اپنی پانچویں شادی کرلی ہے۔
بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق، یہ شادی 2024 میں ہوئی تھی تاہم دونوں کی جانب سے اس کی باضابطہ تصدیق نہیں کی گئی، اور نہ ہی یہ جوڑا شادی کے بعد کسی عوامی تقریب میں اکٹھے دیکھا گیا۔ شادی کی خبر اس وقت منظر عام پر آئی جب یونیورسٹی آف مشی گن نے "لیری اور ان کی اہلیہ جویلن” کا شکریہ ادا کیا، جس سے ان کے رشتے کی تصدیق غیر رسمی طور پر ہوگئی۔
عمر کا واضح فرق
دلچسپ بات یہ ہے کہ لیری ایلیسن اور جویلن ژو کے درمیان 47 سال کا فرق ہے۔ جویلن ژو (اصل نام ژو کیرن) چین میں پیدا ہوئیں اور بعد ازاں امریکا منتقل ہوکر امریکی شہریت حاصل کی۔ ان کی عمر 33 سال ہے جبکہ لیری ایلیسن کی عمر اس وقت 80 سال ہے۔
خفیہ تعلق، اچانک انکشاف
شادی سے قبل یہ جوڑا کبھی بھی عوامی سطح پر ایک ساتھ نظر نہیں آیا اور شادی بھی انتہائی نجی انداز میں منعقد کی گئی، جو تقریباً ایک سال تک خفیہ رہی۔ تاہم، جیسے ہی یہ خبر سامنے آئی، سوشل میڈیا اور بین الاقوامی میڈیا میں جنگل کی آگ کی طرح پھیل گئی۔
اربوں کی دولت، اربوں کی توجہ
لیری ایلیسن اس وقت دنیا کے امیر ترین شخص ہونے کا اعزاز بھی حاصل کر چکے ہیں۔ اوریکل کی حالیہ کارکردگی نے مارکیٹ کی توقعات کو پیچھے چھوڑتے ہوئے ان کے اثاثوں میں 101 ارب ڈالر کا اضافہ کیا، جس کے بعد ان کی مجموعی دولت 393 ارب ڈالر تک جا پہنچی — جو کہ ایلون مسک سے بھی زیادہ بتائی جا رہی ہے۔
ذاتی زندگی اور ماضی کی شادیاں
لیری ایلیسن اس سے قبل چار بار شادی کر چکے ہیں، جن میں سے ایک شادی سے ان کے دو بچے بھی ہیں، جو اب ہالی ووڈ کے کامیاب پروڈیوسر کے طور پر جانے جاتے ہیں۔






