درشن تھگودیپا کیس: عدالت میں جیل منتقلی کی درخواست مسترد، اداکار کا زہر دینے کا مطالبہ
بنگلورو (مانیٹرنگ ڈیسک)
کنڑ فلم انڈسٹری کے معروف اداکار درشن تھگودیپا نے قتل کے مقدمے میں عدالت میں پیشی کے دوران دل دہلا دینے والی اپیل کر دی۔ عدالت کی جانب سے جیل منتقلی کی درخواست مسترد ہونے پر اداکار نے کہا: "براہ کرم مجھے زہر دے دیں، زہر دینے کا حکم جاری کریں۔”
ریاست کرناٹک کے دارالحکومت بنگلورو کی عدالت میں 33 سالہ رکشہ ڈرائیور رینوکا سوامی قتل کیس کی سماعت ہوئی۔ درشن تھگودیپا نے پیراپنا اگراہارا سینٹرل جیل سے بلاری جیل منتقل ہونے کی درخواست دائر کی تھی جسے عدالت نے مسترد کر دیا۔
عدالت میں اداکار نے مؤقف اختیار کیا کہ وہ فنگل انفیکشن کا شکار ہیں اور گزشتہ ایک ماہ سے سورج کی روشنی نہیں دیکھی۔ تاہم، عدالت نے جیل منتقلی کے لیے کوئی خاص وجہ نہ ہونے کی بنیاد پر درخواست رد کر دی۔ فیصلے پر دلبرداشتہ ہوکر درشن نے عدالت سے زہر دینے کی اپیل کی۔
عدالت نے اداکار کے اس بیان پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے انہیں تنبیہ کی کہ آئندہ ایسے الفاظ نہ دہرائیں۔ جج نے جیل حکام کو ہدایت دی کہ درشن کو جیل کے اندر چہل قدمی اور دیگر بنیادی سہولیات فراہم کی جائیں۔
یاد رہے کہ درشن تھگودیپا پر الزام ہے کہ انہوں نے اپنے مداح اور رکشہ ڈرائیور رینوکا سوامی کو اغواء کر کے تشدد کا نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں اس کی موت واقع ہوئی۔ رپورٹس کے مطابق مقتول نے درشن کی قریبی ساتھی اداکارہ پویترا کو نازیبا پیغامات بھیجے تھے، جس پر اداکار شدید برہم ہوئے۔
واقعے کی تحقیقات جاری ہیں اور درشن اس وقت عدالتی حراست میں ہیں۔






