مشہور بھارتی کامیڈین ذاکر خان نے اسٹیج شوز سے وقفہ لینے کا اعلان کر دیا
ممبئی: معروف بھارتی اسٹینڈ اپ کامیڈین ذاکر خان نے اپنی بگڑتی ہوئی صحت کے باعث اسٹیج شوز سے کچھ وقت کے لیے وقفہ لینے کا اعلان کر دیا ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق، ذاکر خان نے یہ اعلان اپنی انسٹاگرام اسٹوری کے ذریعے کیا، جس میں انہوں نے اپنے مداحوں کو بتایا کہ گزشتہ ایک سال سے وہ اپنی صحت میں مسائل کا سامنا کر رہے تھے، تاہم کچھ مجبوریوں کے سبب وہ کام جاری رکھتے رہے۔
38 سالہ کامیڈین نے کہا کہ وہ طویل عرصے سے مسلسل ٹورز کر رہے ہیں اور صبح سے رات تک لوگوں کو ہنسانے میں مصروف رہتے ہیں، جس کی وجہ سے ان کا کھانے پینے کا معمول بگڑ گیا ہے اور وہ مختلف بیماریوں کا شکار ہو گئے ہیں۔ اس لیے اب انہوں نے آرام کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
ذاکر خان نے مزید کہا کہ وہ اب غیر ملکی ٹورز نہیں کریں گے بلکہ صرف بھارت میں ہی اسٹیج شوز کریں گے تاکہ لمبے سفر سے بچا جا سکے اور اپنی صحت کا بہتر خیال رکھا جا سکے۔






