اداکارہ اسما عباس کا کینسر سے جنگ کا انکشاف، بیٹی زارا نور عباس نے ہمت بندھائی
لاہور: پاکستان شوبز انڈسٹری کی سینئر اداکارہ اسما عباس نے انکشاف کیا ہے کہ وہ ماضی میں کینسر جیسے مہلک مرض کا سامنا کر چکی ہیں اور ایک طویل مگر کامیاب جدوجہد کے بعد صحت یاب ہوئیں۔
ایک حالیہ انٹرویو میں اسما عباس نے کینسر کے مشکل وقت اور علاج کے تجربات پر کھل کر بات کی۔ انہوں نے بتایا کہ بیماری کا آغاز وزن میں اچانک کمی سے ہوا، جس پر ابتدا میں وہ خوش تھیں، مگر جب دیگر غیر معمولی علامات سامنے آئیں تو معلوم ہوا کہ انہیں کینسر ہے۔
اداکارہ نے بتایا کہ خوش قسمتی سے ان کی بیماری کی بروقت تشخیص ہو گئی، جس کے بعد انہوں نے فوری علاج شروع کروا دیا۔ اس دوران انہیں دو اہم پراجیکٹس سے بھی دستبردار ہونا پڑا۔
اسما عباس کے مطابق، انہیں کئی لوگوں نے بیرونِ ملک، خصوصاً امریکہ جا کر علاج کروانے کا مشورہ دیا، حتیٰ کہ ان کے بھائی نے بھی انہیں بلایا، لیکن انہوں نے پاکستان میں ہی علاج کروانے کو ترجیح دی۔ ان کا کہنا تھا کہ انہیں اپنے والد کی بات یاد رہی کہ:
"موت کا فرشتہ اگر آنا ہو تو کہیں بھی آ سکتا ہے۔”
اداکارہ نے کہا کہ اس مشکل وقت میں ان کی بیٹی، اداکارہ زارا نور عباس نے ان کا حوصلہ بڑھایا اور ہمیشہ ساتھ کھڑی رہی۔
انہوں نے خوشی کا اظہار کیا کہ وہ کینسر کو شکست دے چکی ہیں اور خدا کی شکر گزار ہیں۔ اسما عباس نے بتایا کہ اگرچہ وہ اب بھی ذیابطیس سمیت کچھ دیگر بیماریوں کا سامنا کر رہی ہیں، مگر خود کو صحت مند تصور کرتی ہیں۔
اداکارہ نے کہا کہ وہ آج بھی پنجابی شوز میں رقص کرتے ہوئے نظر آتی ہیں، کیونکہ زندگی کو خوشی سے جینا ان کی ترجیح ہے۔






