سیلابی ریلے سے اداکارہ عارفہ صدیقی کا گھر متاثر، سوشل میڈیا پر ویڈیو وائرل
لاہور (شوبز ڈیسک):
پنجاب بھر میں جاری سیلابی صورتحال نے جہاں کئی شہری علاقوں کو متاثر کیا ہے، وہیں لاہور میں معروف اداکارہ و گلوکارہ عارفہ صدیقی کا گھر بھی پانی کی لپیٹ میں آ گیا۔ سیلابی ریلہ چوہنگ کے قریب ایک نجی ہاؤسنگ سوسائٹی میں داخل ہوا، جہاں عارفہ صدیقی بھی مقیم ہیں۔
سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ سیلابی پانی ان کے گھر میں داخل ہو چکا ہے، فرنیچر اور دیگر سامان ادھر ادھر بکھرا ہوا ہے، اور گھر کے مختلف حصے بری طرح متاثر ہوئے ہیں۔ ویڈیو میں عارفہ صدیقی اپنے شوہر کے ہمراہ صفائی کرتے نظر آتی ہیں۔
یہ سیلاب دریائے راوی میں طغیانی کے بعد آیا، جس کی سطح خطرناک حد تک بلند ہو چکی ہے۔ عارفہ صدیقی کے ساتھ ساتھ دیگر رہائشی بھی مشکلات کا شکار ہیں اور حکومت سے فوری امداد کی اپیل کر رہے ہیں۔
یاد رہے کہ حالیہ شدید بارشوں نے لاہور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں سیلابی کیفیت پیدا کر دی ہے، جس کے نتیجے میں متعدد علاقے زیرِ آب آ چکے ہیں اور کئی خاندان متاثر ہو چکے ہیں۔
متاثرہ شہریوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ فوری طور پر ریلیف اقدامات کیے جائیں تاکہ مزید نقصان سے بچا جا سکے۔






