خاقان شاہنواز کا بامعنی پیغام: "پاکستان اور بھارت کی اصل جنگ ایک دوسرے سے نہیں، غربت اور موسمیاتی تبدیلی سے ہے”
لاہور: پاکستانی شوبز انڈسٹری کے ابھرتے ہوئے اداکار و ماڈل خاقان شاہنواز نے ایک بامقصد اور سنجیدہ ویڈیو پیغام کے ذریعے پاکستان اور بھارت کے عوام کو حقیقت کا آئینہ دکھایا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ دونوں ممالک کی اصل جنگ سرحدوں یا سیاست میں نہیں بلکہ غربت اور موسمیاتی تبدیلی جیسے سنگین مسائل کے خلاف ہونی چاہیے۔
خاقان شاہنواز نے انسٹاگرام پر جاری کردہ ویڈیو میں کہا کہ چند ماہ قبل جب پانی کے مسئلے پر پاکستان اور بھارت کے درمیان کشیدگی بڑھی، تو دونوں جانب سے میمز، طنز اور نفرت انگیز بیانیے سامنے آئے، مگر جب مون سون کی شدید بارشوں نے دونوں ملکوں میں تباہی مچائی، تو حقیقت خود سامنے آ گئی۔
اداکار نے زور دیتے ہوئے کہا کہ قدرتی آفات کسی قوم، مذہب یا سرحد کی پروا نہیں کرتیں۔ ان کے مطابق، "اصل دشمن غربت، بےحسی اور ماحولیاتی بحران ہیں، جن سے مل کر لڑنا ہوگا، ورنہ ایک دن صرف میمز بچیں گے اور ہم سب کہانیاں بن جائیں گے۔”
انہوں نے دونوں ممالک کے نوجوانوں، میڈیا، پالیسی سازوں اور سوشل میڈیا صارفین سے اپیل کی کہ نفرت کے بیانیے کی جگہ یکجہتی، شعور اور مشترکہ حل کو فروغ دیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر ہم آج بھی نہیں جاگے، تو کل کی نسلیں ہم سے سوال کریں گی۔





