گووندا اور اہلیہ سنیتا کے درمیان طلاق کی خبریں، 38 سالہ رشتہ خطرے میں
ممبئی: بالی ووڈ کے معروف اداکار گووندا اور ان کی اہلیہ سنیتا آہوجا کے درمیان طلاق کی خبریں ایک بار پھر سرخیوں کی زینت بن گئیں، جہاں سنیتا نے 38 سالہ شادی شدہ زندگی کے بعد عدالت سے رجوع کر لیا ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق سنیتا آہوجا نے گووندا پر بےوفائی، ظلم و زیادتی اور رشتے سے لاتعلقی جیسے سنگین الزامات عائد کرتے ہوئے باندرہ فیملی کورٹ میں طلاق کی درخواست دائر کر دی ہے۔
درخواست ہندو میرج ایکٹ 1955 کی مختلف دفعات کے تحت دائر کی گئی ہے، جس میں سنیتا نے شوہر کے طرزِ عمل کو ازدواجی رشتے کے لیے نقصان دہ قرار دیا ہے۔
عدالت نے اداکار گووندا کو 25 مئی کو طلب کیا تھا، جس کے بعد دونوں فریقین کے درمیان مفاہمت کی کوششیں جاری ہیں۔ تاہم، اب تک کسی حتمی فیصلے یا پیش رفت کی اطلاع سامنے نہیں آئی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق سنیتا آہوجا باقاعدگی سے عدالت میں پیش ہو رہی ہیں، جب کہ گووندا کی جانب سے ابھی تک اس معاملے پر کوئی باضابطہ بیان سامنے نہیں آیا۔
یاد رہے کہ گووندا اور سنیتا کی شادی 1987 میں ہوئی تھی، اور دونوں کو بالی ووڈ کی مستحکم جوڑیوں میں شمار کیا جاتا تھا۔ ان کے دو بچے بھی ہیں۔






